مبہم راوی کی روایت کو بھی مجهول کی اقسام میں شمار کیا جاسکتا ہے یہ بھی حدیث ضعیف کی قسم ہے اور اس کا کوئی مستقل نام نہیں ہے۔
اس کی اصطلاحی تعریف یہ ہے:
هو من لم يصرح باسمه في الحديث –
جس حدیث کے راوی کے نام کی تصریح نہ کی جائے۔
علامہ نووی لکھتے ہیں:
جو غلام یا عورت معروف ہو اس کی تعدیل قبول کی جاتی ہے، اور جس شخص کی شخصیت اور عدالت معروف ہو اور اس کا نام مجهول ہو اس کی حدیث سے استدلال کیا جاتا ہے۔ جب راوی یہ کہے کہ مجھے فلاں یا فلاں نے خبر دی اور وہ عادل ہیں تو اس روایت سے استدلال کیا جائے گا، اگر وہ اس کی عدالت سے لاعلم ہو یا کہے کہ فلاں نے کہا ہے یا اس کے غیر نے تو اس کی روایت سے استدلال نہیں کیا جائے گا۔ (علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ، تقریب النواوی مع التدریب ج۱ ص ۳۲۲ – ۳۲۱ مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ، ۱۳۹۲ھ)
علامہ سیوطی لکھتے ہیں صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ایسی بہت حدیثیں ہیں۔ اس کی مثال یہ ہے کہ ثمامہ بن حزقشیری کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے نبيذ کے متعلق سوال کیا تو انھوں نے ایک حبشیہ خاتون کے متعلق فرمایا یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خادمہ ہے اس سے پوچھو۔
اور دوسری صورت کی مثال یہ ہے:
عن شعبة عن سلمة بن كهيل عن ابي الزغراء وعن زيد بن وهب ان سويد بن غفلة دخل على علي بن ابي طالب فقال يا اميرالمؤمنين اني مررت بقوم يذكرون ابا بكر وعمر الحديث۔
از شعبہ از سلمہ بن کہیل از ابی الزغراء یا از زید بن وہب روایت ہے کہ سوید بن غفلہ حضرت علی بن ابی طالب کے پاس گئے، اور کہا اے امیر المؤمنین میں ایسے لوگوں کے پاس سے گذرا جو حضرت ابوبکر اور عمر کا (برائی کے ساتھ) ذکر کر رہے تھے۔ (الحدیث)
صحیح مسلم میں ایسی احادیث ہیں جن کے بعض رجال مبہم ہیں؛ مثلاً کتاب الصلوٰۃ میں ایک حدیث کی سند اس طرح ذکر کی ہے۔
حدثنا صاحب لنا عن اسماعيل بن زكريا عن الاعمش۔
ہمارے ایک صاحب نے اسماعیل بن زکریا سے اس نے اعمش سے روایت کی۔
اور کتاب الجنائز میں ایک سند ذکر کی ہے:
حدثني من سمع حجاجا الاعور بحديث خروجه صلى الله عليه وسلم الى البقيع۔
جس شخص نے کہا نے حجاج سے حدیث سنی ہے اس نے مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بقیع کی طرف جانے کی حدیث بیان کی۔
اور باب الاحتکار میں ایک حدیث کی یہ سند ہے:
حدثني بعض اصحابنا عمر وبن عون ثنا خالد بن عبد الله ۔
ہمارے بعض اصحاب نے مجھ سے حدیث بیان کی انھوں نے کہا ہم کو عمرو بن عون نے حدیث بیان کی انھوں نے کہا ہم کو خالد بن عبد اللہ نے حدیث بیان کی۔
اور کتاب الجنائز میں زہری سے روایت کیا ہے:
حدثني رجال عن ابي هريرة بمثل حديث من شهد الجنازة۔(۱۔ علامہ جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ھ: تدریب الراوی ج ۱ ص ۳۲۳-۳۲۱، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ، ۱۳۹۲ھ)
مجھے کئی آدمیوں نے حضرت ابو ہریرہ کی وہ حدیث بیان کی ہے جو اس حدیث کی مثل ہے کہ جو جنازہ میں حاضر ہوا۔