سب سے زیادہ فتاویٰ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہیں، مسروق سے روایت ہے کہ تمام صحابہ کا علم چھ افراد پر منتہی ہوتا ہے، حضرت عمر، حضرت علی، حضرت ابی بن کعب، حضرت زید بن ثابت، حضرت ابو الدرداء اور حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہم، پھر ان چھ کا علم حضرت علی اور حضرت ابن مسعود پر ختم ہوتا ہے، اور صحابہ میں سے عبادلہ ہیں (یعنی عبد اللہ نام کے) وہ ابن عمر، ابن عباس، ابن الزبیر اور ابن عمرو بن العاص ہیں، ابن مسعود ان میں نہیں ہیں (علامہ سیوطی نے کہا ہے یہ امام احمد کا قول ہے، امام بیہقی نے کہا حضرت ابن مسعود کی پہلے وفات ہوگئی تھی، اور یہ لوگ بعد تک زندہ رہے اور ان کے علم کی ضرورت پیش آئی اور جب یہ چاروں کسی بات پر متفق ہوجائیں تو کہا جاتا ہے یہ عبادلہ کا قول ہے، بعض نے کہا عبادلہ تین ہیں اور ان میں سے حضرت ابن الزبیر کو ساقط کردیا، جوہری نے صحاح میں اسی پر اقتصار کیا ہے۔ علامہ نووی نے تہذیب الاسماء میں اور علامہ رافعی نے دیات میں لکھا ہے کہ عبادلہ چار ہیں اوران میں حضرت ابن عمرو بن العاص کی جگہ حضرت ابن مسعود کا ذکر کیا ہے اور زمخشری نے مفصل میں لکھا ہے عبادلہ حضرت ابن مسعود، حضرت ابن عمر، اور حضرت ابن عباس ہیں۔ یہ ان کا وہم ہے اور اصطلاح میں غلطی ہے) اور ایک سو بیس صحابہ کا نام عبد اللہ ہے۔(علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ ، تقریب النواوی مع التدریب ج ۲ ص ۲۲۰ – ۲۱۸ ، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ)
میں کہتا ہوں صحیح اصطلاح وہی ہے جس کو علامہ زمخشری نے بیان کیا ہے، عبد اللہ نام کے تمام صحابہ میں علم اور تفہیم کے اعتبار سے کوئی صحابی حضرت ابن مسعود کے پائے کا نہیں ہے۔
حافظ ابن الصلاح لکھتے ہیں:
ہم نے علی بن عبد اللہ مدینی سے روایت کیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں سے ان تین کے پائے کا کوئی نہیں تھا، حضرت عبداللہ بن مسعود، حضرت زید بن ثابت اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم ، ان میں سے ہر ایک کے بہت شاگرد تھے جو ان کے قول پر لوگوں کو فتوے دیتے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے مسروق کی مذکورہ الصدر روایت بیان کی ہے، پھر شعبی سے نقل کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب میں سے چھ سے علم حاصل کیا جاتا تھا حضرت عمر، حضرت عبداللہ بن مسعود اور حضرت زید بن ثابت، اور ان کا علم ایک دوسرے کے مشابہ تھا، اور حضرت علی، حضرت اشعری اور حضرت ابی ان کا علم آپس میں مشابہ تھا، اور امام شافعی نے کہا یہ علم، اجتہاد، تقویٰ اور عقل میں بہت بلند تھے۔ (حافظ ابو عمرو عثمان بن عبد الرحمن شہر زوری المعروف بابن الصلاح متوفی ۶۴۳ھ ، علوم الحدیث ص ۲۶۷ – ۲۶۶ مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۸۶ھ)