Site icon اردو محفل

 حدیثِ متصل کی تعریف

 حدیثِ متصل کی تعریف

ازروئے لغتِ اتصال، انقطاع کی ضد ہے اور اس کی اصطلاحی تعریف کے متعلق علامہ نووی لکھتے ہیں:

هو ما اتصل اسناده مرفوعا كان او موقوفا على من كان ويسمى الموصول۔(علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ، تقریب النوادی مع التدریب ج ۱ ص ۱۸۳ ، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ، ۱۳۹۲ھ  )

جس حدیث کی سند متصل ہو خواہ وہ مرفوع ہو یا کسی پر بھی موقوف ہو، اس کو موصول بھی کہتے ہیں

علامہ سیوطی لکھتے ہیں:

علامہ نووی نے جو یہ لکھا ہے کہ خواہ کسی پر موقوف ہو، اس کے اعتبار سے یہ تعریف اقوالِ تابعین کو بھی شامل ہے، اور حافظ ابن الصلاح نے اس کو صرف مرفوع اور موقوف میں منحصر رکھا ہے۔ موقوف کی مثال ہے جیسے مالک از نافع از ابن عمر از عمر رضی اللہ عنہ۔ عراقی نے یہ کہا ہے کہ جب اقوالِ تابعین کی اسانید متصل ہوں تو ان کو مطلقاً متصل نہیں کہتے، البتہ تقیید کے ساتھ ان کو متصل کہنا نہ صرف جائز ہے بلکہ ان کے کلام میں واقع ہے جیسے کہتے ہیں یہ سعید بن مسیب تک متصل ہے یا زہری تک متصل ہے یا مالک تک متصل ہے اور اس میں نکتہ یہ ہے کہ اقوالِ تابعین کو حدیثِ مقطوع کہتے ہیں۔ اب اگر اس کو متصل بھی کہیں تو ایک چیز کا دو متضاد صفتوں سے اتصاف لازم آئے گا۔ (علامہ جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ھ، تدریب الراوی ج ۱ ص ۱۸۳ ، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ، ۱۳۹۲ھ  )

اس کی مثال یہ حدیث ہے:

امام مسلم روایت کرتے ہیں:

حدثنی یعقوب بن ابراہیم الدورقی وحجاج بن الشاعر جمیعاً عن أبی عاصم قال حجاج نا ابو عاصم انا عزرة بن ثابت انا علیاء بن احمر حدثنی ابو زید قال صلی بنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم الفجر وصعد المنبر فخطبنا حتی حضرت الظهر فنزل فصلی ثم صعد المنبر فخطبنا حتی حضرت العصر ثم نزل فصلی ثم صعد المنبر فخطبنا حتی غربت الشمس فاخبرنا بما كان وبما هو كائن فاعلمنا احفظنا له۔(امام ابوالحسین مسلم بن حجاج قشیری متوفی ۲۶۱ھ صحیح مسلم ج ۲ ص ۳۹۰، مطبوعہ نور محمد اصح المطابع کراچی ۱۳۷۵ھ)

یعقوب بن ابراہیم الدورقی، حجاج بن شاعر، ابو عاصم، عزرة بن ثابت، علیاء بن احمر از ابوزید روایت ہے: حضرت ابوزید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم کو فجر کی نماز پڑھائی، اور منبر پر چڑھ کر ہمیں خطبہ دیا حتی کہ ظہر کا وقت آگیا، آپ نے منبر سے اتر کر ظہر کی نماز پڑھائی، پھر منبر پر چڑھ کر ہمیں خطبہ دیا، حتی کہ عصر کا وقت آگیا، آپ نے منبر سے اتر کر ہمیں نماز پڑھائی پھر منبر پر چڑھ کر ہمیں خطبہ دیا حتی کہ سورج غروب ہوگیا، سو آپ نے ہمیں ماکان وما يكون کی خبریں دیں، پس جو ہم میں زیادہ حافظہ والا تھا وہ زیادہ عالم تھا۔

Exit mobile version