اگر حدیث مقبول کے معارض کوئی حدیث نہ ہو تو اس کو محکم کہتے ہیں اور صحاح کی کتابوں میں اس کی بہت مثالیں ہیں، اور اگر حدیث مقبول کے معارض کوئی حدیث ہو تو یا تو وہ بھی اس کی مثل مقبول ہوگی یا مردود ہوگی، اگر وہ مردود ہے تو تعارض نہیں ہے کیونکہ حدیث قوی میں ضعیف کی مخالفت سے کوئی اثر نہیں پڑتا، اور اگر وہ معارض حدیث اس کی مثل مقبول ہے تو اگر ان میں تطبیق ممکن ہے تو اس کو مختلف الحدیث کہتے ہیں اور اگر تطبیق ممکن نہیں تو اگر ان میں کسی کا متقدم اور دوسری کا مؤخر ہونا معلوم ہوجائے تو وہ منسوخ اور ناسخ ہیں اور اگر یہ بھی معلوم نہ ہوسکے تو پھر ان حدیثوں میں توقف کیا جائے گا اور وہ حدیث موقوف کہلائے گی۔
مختلف الحدیث کی مثال یہ ہے “لا عدوى ولا طيرة” (کوئی مرض متعدی ہوتا ہے نہ بدفال ہے) اور یہ بھی حدیث میں ہے:“فر من المجدوم فرارك من الاسد” – جذام کے مریض سے اس طرح بھاگو جس طرح شیر سے بھاگتے ہیں۔
یہ دونوں صحیح حدیثیں ہیں اور بہ ظاہر متعارض ہیں، حافظ ابن الصلاح نے ان میں اس طرح تطبیق دی ہے کہ یہ امراض خود بخود متعدی نہیں ہوتے لیکن اللہ سبحانہ نے مریض کے تندرست کے ساتھ اختلاط کو مرض کے متعدی ہونے کا سبب بنادیا ہے اور کبھی اس سبب کا تخلف بھی ہوجاتا ہے جیسا کہ اور اسباب میں ہوتا ہے۔(حافظ ابوالفضل احمد بن علی بن حجر عسقلانی متوفی ۸۵۲ھ، شرح نخبة الفكر ص ۴۶ – ۴۵ ، مطبوعہ رحیم اکیڈمی کراچی)
خلاصہ یہ ہے کہ جس حدیث میں ہے کوئی مرض متعدی نہیں ہوتا اس کا محمل یہ ہے کہ مرض خود بخود متعدی نہیں ہوتا، اور جس حدیث میں ہے جذام کے مریض سے بھاگو ، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مرض متعدی ہوتا ہے اس کا محمل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مریض کے ساتھ اختلاط کو مرض کے متعدی ہونے کا سبب بنا دیا ہے جیسے اور اسباب بنائے ہیں لیکن کبھی اس میں تخلف بھی ہو جاتا ہے اور اختلاط کے باوجود مرض متعدی نہیں ہوتا۔