اگر سند حدیث میں کوئی راوی اپنے شیخ سے اسی حدیث کی روایت میں منفرد ہو اور اس تفرد کی وجہ سے اس حدیث کو غریب قرار دیا جا رہا ہو، پھر بعد میں تتبع اور تفحص سے یہ معلوم ہو کہ جس راوی کو اس کے شیخ سے روایت کرنے میں متفرد سمجھا جا رہا تھا اس کی متابعت ایک اور راوی بھی کر رہا ہے تو وہ حدیث غرابت سے نکل جاتی ہے اور اس متفرد راوی کو متابع اور اس کی متابعت کرنے والے راوی کو متابِع اور اس کے شیخ کو متابَع علیہ کہتے ہیں اور اس عمل کو اعتبار اور متابعت کہتے ہیں، نیز اگر دوسرا راوی متفرد کے شیخ سے روایت کرے تو اس کو متابعت تامہ کہتے ہیں، اور اگر دوسرا راوی متفرد کے شیخ الشیخ سے اس حدیث کو روایت کرے تو اس کو متابعت قاصرہ کہتے ہیں، نیز اگر وہ دوسرا راوی اسی حدیث کو بلفظہ روایت کرے تو اس حدیث کو متابِع کہتے ہیں اور اس کے لیے مثلہ کا لفظ ذکر کرتے ہیں اور اگر وہ دوسرا راوی اس حدیث کے ہم معنی حدیث روایت کرے ____________ تو اس حدیث کو شاہد کہتے ہیں اور اس کے لیے نحوہ کا لفظ لاتے ہیں۔ حافظ ابن حجر نے یہ لکھا ہے کہ متابعت میں اسی صحابی سے روایت ہوتی ہے اور شاہد میں کسی اور صحابی سے وہ حدیث مروی ہوتی ہے۔
حافظ ابن حجر عسقلانی نے شرح نخبۃ الفکر میں ان تمام امور کی مثالیں دی ہیں، جن کو ہم ان کے حوالہ سے ذکر کر رہے ہیں:
متابع تام کی مثال:
امام شافعی نے کتاب الام میں یہ حدیث روایت کی ہے:
عن مالك عن عبد الله بن دينار عن ابن عمر رضي الله عنهما أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال الشهر تسع وعشرون فلا تصوموا حتى تروا الهلال ولا تفطروا حتى تروه فإن غم عليكم فاكملوا العدة ثلاثين –
از مالک از عبداللہ بن دینار از حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مہینہ انتیس دن کا (بھی) ہوتا ہے تم جب تک چاند نہ دیکھو روزے نہ رکھو اور جب تک چاند نہ دیکھو عید نہ کرو، اگر تم پر چاند مخفی رہے تو تیس دنوں کی گنتی پوری کرو۔
لوگوں نے یہ گمان کیا کہ ان الفاظ کے ساتھ امام مالک سے روایت کرنے میں امام شافعی متفرد ہیں اور ان کی اس حدیث کو غریب قرار دیا، کیونکہ امام مالک کے دوسرے اصحاب (شاگردوں) نے اسی سند سے ان الفاظ کے ساتھ روایت کی ہے؛
فإن غم عليكم فاقدروا له –
اگر چاند تم پر مخفی رہے تو اس کا اندازہ کرو۔
لیکن ہم کو امام شافعی کی روایت کا ایک متابع مل گیا، کیونکہ عبداللہ بن مسلمہ القعنبی نے بھی اس حدیث کو امام مالک سے انہی الفاظ کے ساتھ روایت کیا ہے اور یہ متابعت تامہ ہے: اس حدیث کو امام بخاری نے روایت کیا ہے:
حدثنا عبدالله بن مسلمة ثنا مالك عن عبدالله بن عمر ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال الشهر تسع وعشرون الحديث – (صحیح بخاری ج ۱ ص ۲۵۶، مطبوعہ اصح المطابع کراچی)
اس سند میں امام شافعی متابِع ہیں، عبداللہ بن مسلمہ متابِع ہیں، اور امام مالک متابَع علیہ ہیں اور یہ متابعت تامہ ہے۔
امام شافعی کا ایک متابع قاصر بھی ہے کیونکہ عاصم بن محمد نے اس حدیث کو امام شافعی کے شیخ شیخ الشیخ یعنی جعفر بن عمر سے اکملوا ثلاثین کے الفاظ کے ساتھ روایت کیا ہے، اس حدیث کو امام ابن خزیمہ نے روایت کیا ہے اور اس کی سند یہ ہے:
عن عاصم بن محمد عن ابيه عن محمد بن زيد عن جدہ عبد الله بن عمر۔
(صحیح ابن خزیمہ اب چھپ گئی ہے اور اس میں حضرت ابن عمر کی یہ روایت ہے **فان غم علیکم فاکملوا ثلاثین** مگر حدیث کا ابتدائی متن اور اس کی سند حافظ ابن حجر کے بیان کردہ سند اور متن سے مختلف ہے۔ صحیح ابن خزیمہ ج ۳ ص ۲۰۲، مطبوعہ مکتب اسلامی بیروت ۱۳۹۵ھ ، سعیدی غفرلہ)
اور صحیح مسلم میں یہ حدیث اس طرح ہے:
عبيدالله عن نافع عن ابن عمر …. فإن أغمي عليكم فاقدروا له ثلاثين يوماً، صحیح مسلم ج ۱ ص ۳۴۷ ، مطبوعہ اصح المطابع کراچی)
یہ حدیث اسی صحابی سے مروی ہے اور یہ لفظاً متابعت نہیں ہے معنا ہے کیونکہ اس میں اکملوا کا لفظ نہیں ہے۔ اور اگر اس حدیث کا متن کسی اور صحابی سے مروی ہو اور اس کے لفظاً اور معنٰا مشابہ ہو تو اس کو شاہد کہتے ہیں اور اس کی مثال یہ ہے:
امام نسائی روایت کرتے ہیں:
عن عمرو بن دينار عن محمد بن جنین عن ابن عباس … فإن غم عليكم فأكملوا العدة ثلاثين (نسائی ج ۱ ص ۴۱۵ ، مطبوعہ کراچی)
اور شاہد بالمعنى کی مثال یہ ہے: امام بخاری روایت کرتے ہیں:
محمد بن زياد عن ابي هريرة …. فإن أغمي عليكم فأكملوا عدة شعبان ثلاثين (صحیح بخاری ج ۱ ص ۲۵۶)
بعض علماء نے یہ کہا ہے کہ متابعت وہ ہے جو لفظاً مشابہ ہو، عام ازیں کہ اسی صحابی سے روایت ہو یا کسی اور سے اور شاہد وہ ہے جو معنٰی مشابہ ہو، عام ازیں کہ اسی صحابی سے ہو یا کسی اور سے، اور کبھی متابع اور شاہد کا ایک دوسرے پر اطلاق ہوجاتا ہے۔ (حافظ ابو الفضل احمد بن علی بن حجر عسقلانی متوفی ۸۵۲ھ ، شرح نخبة الفکر ص ۴۲-۴۴ ، مطبوعہ رحیم اکیڈمی کراچی)