اساتذہ سے تحمل اور اخذِ حدیث کے آٹھ طریقے ہیں: سماع، قرأت، اجازت، مناولہ، مکاتبہ، اعلام، وصیت اور وجادۃ ۔ ان کی ترتیب اور تفصیل حسبِ ذیل ہے:
سماع:
خطیب بغدادی لکھتے ہیں:
محدثین کے نزدیک سماع سے یہ مراد ہے کہ شاگرد استاذ کے الفاظ سنے، خواہ استاذ کسی کتاب سے یہ الفاظ پڑھ کر سنا رہا ہو یا اپنے حافظے سے خواہ وہ اپنے شاگرد کو لکھوائے یا نہیں۔ حدیث کا راوی جب حدثنا، اخبرنا، انبأنا، ذکر لنا یا قال لنا کہتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ میرے استاذ نے مجھے یہ حدیث سنائی، امام احمد نے فرمایا حدثنا اور اخبرنا میں کوئی فرق نہیں ہے۔ البتہ بعض متاخرین نے یہ کہا جب استاذ خود بیان کرے تو شاگرد حدثنا کہے اور جب شاگرد نے خود حدیث پڑھی ہو تو قرأت کہے اور جب شاگرد کے کسی اور ساتھی نے استاذ کو حدیث پڑھ کر سنائی ہو تو قرئ علیہ وانا اسمع کہے اور یہ بھی اصطلاح ہے کہ جب اکیلا استاذ کو پڑھ کر سنائے تو اخبرنی کہے اور کسی ساتھی نے پڑھ کر سنائی ہو تو اخبرنا کہے۔ (حافظ ابوبکر احمد بن علی المعروف بالخطیب البغدادی متوفی ۴۶۳ھ ، الکفایہ فی علم الروایۃ ص ۲۹۶-۲۹۴ ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ )
قرأت:
علامہ نووی لکھتے ہیں:
قرأت سے مراد ہے شیخ کے سامنے پڑھنا، اکثر محدثین اس کو عرض بھی کہتے ہیں، خواہ تم نے خود پڑھا ہو یا تمہارے غیر نے پڑھا ہو، اور تم کسی کتاب سے یا اپنے حافظے سے سن رہے ہو، جب کہ شیخ نے اپنی اصل کے سامنے رکھا ہو یا اس کے کسی معتمد نے خواہ شیخ کو وہ روایت محفوظ ہو یا نہ ہو، امام مالک اور ان کے اصحاب اور اشیاخ کے نزدیک قرأت، سماع کے مساوی ہے، اور جمہوری اہل مشرق کے نزدیک سماع، قرأت پر راجح ہے اور امام ابوحنیفہ اور ابن ابی ذئب وغیرہ اور ایک روایت کے مطابق امام مالک کے نزدیک قرأت سماع پر راجح ہے، اس میں مخاطبہ طریقہ یہ ہے کہ راوی یوں کہے قرات علی فلان یا قرئ علیہ وانا اسمع فأقر بہ ۔ (علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ تقریب النواوی مع التدریب ج ۲ ص ۱۶-۱۲، ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ )
اجازت:
علامہ نووی لکھتے ہیں:
اجازت کی سات اقسام ہیں ان کی تفصیل حسبِ ذیل ہے۔
(الف)۔ ایک معین استاذ (مثلاً امام بخاری) معین شاگرد (مثلاً امام مسلم) کو اجازت دے اور کہے میں تم کو صحیح بخاری کی یا اپنی ان مرویات کو روایت کرنے کی اجازت دیتا ہوں۔ جمہور کے نزدیک اس طریقے سے حدیث کو روایت کرنا جائز ہے، بعض ظاہریہ نے اس کو ناجائز کہا ہے لیکن ان کا قول باطل ہے۔
(ب)۔ ایک شخص کسی غیر معین چیز کی اپنے غیر کو اجازت دے مثلاً کہے میں اپنی تمام مسموعات کی اجازت دیتا ہوں، اس میں بھی اختلاف ہے، لیکن جمہور نے اس کو جائز کہا ہے۔
(ج)۔ کسی غیر معین کو عام وصف کے ساتھ اجازت دے مثلاً کہے میں نے مسلمانوں کو اجازت دی یا ہر ایک کو اجازت دی یا اپنے زمانہ والوں کو اجازت دی، اس میں متاخرین کا اختلاف ہے، قاضی ابو الطيب اور خطیب وغیرہ نے اس کو جائز کہا ہے۔
(د)۔ کسی مجهول چیز کی اجازت دے ، یا مثلاً وہ سنن کی کئی کتابوں کی روایت کرتا ہو اور کہے میں نے تم کو سنن کی اجازت دی، یا کہے میں نے محمد بن خالد دمشقی کو اجازت دی اور وہاں اس نام کے کئی آدمی ہوں ، اس کے جواز میں بھی اختلاف ہے۔
(ھ)۔ کسی معدوم شخص کو اجازت دے ، مثلاً فلاں کے ہاں جو بیٹا پیدا ہوگا اس کو اجازت دی ، اس کے جواز میں بھی اختلاف ہے صحیح یہ ہے کہ یہ باطل ہے۔
(و)۔ مجیز نے کسی حدیث کو حاصل نہ کیا ہو اور وہ یہ اجازت دے کہ جب وہ اس کو حاصل کرلے تو مجاز اس کی روایت کرے ۔ اس میں بھی اختلاف ہے۔
(ز)۔ ایک شخص کو جن مرویات کی اجازت ملی ہو اس کی اجازت دے ، مثلاً کہے میں تم کو اپنی مجازات کی اجازت دیتا ہوں، بعض لوگوں نے کہا یہ ناجائز ہے ، اور جمہور کے نزدیک یہ جائز ہے ، امام دارقطنی ، امام ابن عقدہ ، امام ابو نعیم ، امام ابو الفتح نصر المقدسی وغیرہہم نے اس پر اعتماد کیا ہے ۔(علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ ، تقریب النواوی مع التدریب ج ۲ ص ۴۰ – ۲۹ ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ)
مناولہ
علامہ نووی لکھتے ہیں:
مناولہ کی دو قسمیں ہیں ، مناولہ مجردہ اور مناولہ مقرونہ بالاجازۃ ۔ مناولہ مقرونہ ، انواع اجازت کی سب سے اعلیٰ قسم ہے ، اس کی متعدد صورتیں ہیں :
(۱)۔ شیخ ، طالب کو اپنے سماع کی اصل یا نقل دے اور کہے میں نے فلاں شخص سے ان احادیث کو روایت کیا ہے اب تم ان کو روایت کرو، یا کہے میں نے تم کو اپنی طرف سے ان کو روایت کرنے کی اجازت دی، پھر اس تحریر کو اس کی ملک کردے تاکہ وہ اس کو لکھ لے ۔
(ب)۔ طالب نے شیخ سے سن کر جو احادیث لکھی ہیں وہ اپنی مسموعات شیخ کو دے ، شیخ ان کا مطالعہ کرے درآں حالیکہ وہ حاضر دماغ ہو ، پھر وہ اس کو لوٹا کر کہے یہ میری حدیثیں یا میری روایات ہیں ان کو مجھ سے روایت کرو، یا کہے میں نے تمہیں ان کو روایت کرنے کی اجازت دی، بہ کثرت ائمہ حدیث نے ان کا نام عرض رکھا ہے اور چونکہ قرأت کو بھی عرض کہتے ہیں ، اس لیے اس کو عرض المناولہ کہنا چاہیے اور اس کو عرض القرآۃ۔ زہری ، ربیعہ ، یحییٰ بن سعید انصاری ، مجاہد، شعبي ، علقمہ ، ابراہیم ، ابو العالیہ ، ابو الزبیر ، ابو المتوکل ، مالک ، ابن وہب ، ابن القاسم اور دیگر ائمہ کے نزدیک یہ مناولہ بمنزلہ سماع ہے ، لیکن تحقیق یہ ہے کہ یہ سماع اور قرأت سے کم درجہ کا ہے۔ ثوری، اوزاعی ، ابن المبارک ، امام ابو حنیفہ ، امام شافعی ، برطیلی ، المزنی ، امام احمد، اسحاق ، یحییٰ بن یحیی اور دیگر ائمہ کا یہی قول ہے۔
(ج)۔ شیخ ، طالب کو اپنی مسموعات دے اور ان کو روایت کرنے کی اجازت دے، پھر شیخ اس کو ان کا مالک بنائے
یہ پہلی صورت سے کم درجہ ہے، اور طالب کے لیے ان احادیث کو شیخ سے روایت کرنا جائز ہے۔
مناولہ مجردہ یہ ہے کہ شیخ طالب کو اپنی مسموعات کی اصل یا نقل دے اور صرف اتنا کہے کہ یہ میری مسموعات ہیں، فقہاء اور اصحاب الاصول کا مذہب یہ ہے کہ اس میں اس شیخ سے روایت کرنا جائز نہیں ہے۔ (علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ تقریب النواوی مع التدریب ج ۲ ص ۵۰ – ۴۴، ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ)
مکاتبہ
علامہ نووی لکھتے ہیں:
کتابت کی تعریف یہ ہے کہ شیخ اپنی مسموعات کسی حاضر شخص کو خود لکھ کردے یا کسی سے لکھوا کردے، یا کسی غائب شخص کو خود لکھ کر یا لکھوا کر دے اس کی دو قسمیں ہیں، ایک مجرد عن الاجازۃ اور دوسری کتابت مقرونہ بالاجازۃ، مقرونہ یہ ہے کہ میں نے جو کچھ لکھا ہے اس کی تم کو اجازت دی، یہ صحت اور قوت میں مناولہ مقرونہ کی مثل ہے۔ اور کتابت مجردہ یہ ہے کہ اس کو صرف لکھ کر دے، قاضی ماوردی شافعی نے کتابت مجردہ میں روایت کرنے سے منع کیا ہے اور اکثر متقدمین اور متاخرین نے اس کی اجازت دی ہے، اور محدثین میں یہی مشہور ہے اور ان کی تصنیفات میں یہ عبارت پائی جاتی ہے: میری طرف فلان نے لکھا اس نے کہا مجھ سے فلان نے حدیث بیان کی اس سے یہی صورت مراد ہوتی ہے، سمعانی نے کہا یہ اجازت سے زیادہ قوی ہے، اور اس میں راوی کے لیے کاتب کے خط کی پہچان کافی ہے۔ (علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ تقریب النواوی مع التدریب ج ۲ ص ۵۷ – ۵۵، ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ)
اعلام
علامہ نووی لکھتے ہیں:
اعلام یہ ہے کہ شیخ، طالب سے صرف اتنا کہے کہ یہ حدیث میری سنی ہوئی ہے یا اس کتاب میں میری سنی ہوئی حدیثیں ہیں (اور اس کو روایت کرنے کی اجازت نہ دے) کثیر اصحاب الحدیث، فقہاء، اور اصولیین کے نزدیک طالب کے لیے اس کو روایت کرنا جائز ہے۔ ابن جریج، ابن الصباغ الشافعی، ابو العباس الغمری المالکی وغیرہ نے اس کے جواز کی تصریح کی ہے اور بکثرت محدثین نے یہ تصریح کی ہے کہ اس کی روایت جائز نہیں ہے، لیکن اگر اس کی سند صحیح ہو تو اس کے تقاضے پر عمل کرنا واجب ہے۔ (علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ تقریب النواوی مع التدریب ج ۲ ص ۵۹ – ۵۸، ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ)
وصیت
علامہ نووی لکھتے ہیں:
وصیت یہ ہے کہ ایک شخص موت کے وقت یا سفر کے وقت یہ وصیت کرے کہ وہ اس کتاب سے روایت کرتا ہے، بعض متقدمین نے کہا جس کے لیے وہ وصیت کرے اس کا اس کتاب سے احادیث روایت کرنا جائز ہے، اور صحیح یہ ہے کہ جائز نہیں ہے۔
وجادۃ
یہ وجد کا مصنوعی مصدر ہے، عرب میں یہ مسموع نہیں ہے، اس کی تعریف یہ ہے کہ ایک شخص کسی آدمی کے ہاتھ کی لکھی ہوئی احادیث پر مطلع ہو اور وہ ان احادیث کو اس شخص سے سن کر یا اجازت سے روایت نہ کرتا ہو تو اس کے لیے یہ کہنا جائز ہے کہ میں نے فلاں شخص کی لکھی ہوئی احادیث پڑھیں یا پائیں یا اس کی کتاب میں اس کے ہاتھ سے لکھا ہوا تھا حدثنا فلاں، پھر پوری سند اور متن بیان کرے، یا یہ کہے کہ میں نے فلاں شخص کی فلاں سے روایت پڑھی۔ اس پر شروعات سے لے کر اب تک عمل ہو رہا ہے، بعض لوگوں نے بے تکے پن سے اس میں حدثنا واخبرنا بھی کہا اور ان پر انکار کیا گیا۔ (علامہ یحییٰ بن شرف نووی متوفی ۶۷۶ھ، التقریب النواوی ج ۲ ص ۶۱۔ ۶۰، ملخصاً مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ، ۱۳۹۲ھ)