اگر دو حدیثیں متعارض ہوں اور معلوم ہوجائے کہ فلاں حدیث مؤخر ہے اور فلاں مقدم ہے تو مؤخر کو ناسخ اور مقدم کو منسوخ کہتے ہیں، نسخ کا علم کئی ذرائع سے ہوتا ہے اور سب سے صریح یہ ہے کہ خود حدیث میں یہ تصریح ہو جیسے امام مسلم نے حضرت بریدہ سے روایت کیا ہے:
كنت نهيتكم عن زيارة القبور فزورواها۔
میں نے تم کو زیارت قبور سے منع کیا تھا اب تم قبروں کی زیارت کیا کرو۔
دوسری قسم یہ ہے کہ کسی صحابی نے تصریح کی ہو کہ یہ حدیث متاخر ہے، جیسا کہ امام ترمذی نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے:
كان اخر الامرين من رسول الله صلى الله عليه وسلم ترك الوضوء مما مسته النار –(حافظ ابوالفضل احمد بن علی بن حجر عسقلانی متوفی ۸۵۲ھ ، شرح نخبۃ الفکر ص ۴۶ – ۴۷ ، مطبوعہ رحیم اکیڈمی کراچی)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری فعل یہ تھا کہ آپ نے آگ پر پکی ہوئی چیز کے چھونے سے وضو کرنے کو ترک فرما دیا تھا۔
تیسری صورت یہ ہے کہ مؤخر اور ناسخ حدیث کی معرفت تاریخ سے حاصل ہو، علامہ سیوطی لکھتے ہیں:
امام ابوداؤد اور نسائی نے حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے:
افطر الحاجم والمحجوم ۔
فصد لگانے والے اور فصد لگوانے والے دونوں کا روزہ ٹوٹ گیا۔
امام شافعی نے فرمایا یہ حدیث امام مسلم کی اس روایت سے منسوخ ہے۔
عن ابن عباس ان النبي صلى الله عليه وسلم احتجم وهو محرم صائم ۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے روزے میں فصد لگوائی درآں حالیکہ آپ محرم تھے۔
کیونکہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سنہ ۱۰ھ حجۃ الوداع کے موقع پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ محرم تھے اور حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ نے سنہ ۸ھ فتح مکہ کے زمانہ میں روایت کی تھی۔
اور چوتھی صورت یہ ہے کہ اجماع کی دلالت سے کسی حدیث کو منسوخ قرار دیا جائے، مثلاً امام ابوداؤد اور امام ترمذی نے حضرت معاویہ سے روایت کیا ہے جو شخص چوتھی بار شراب پیئے اس کو قتل کردو، اور اس پر اجماع ہے کہ شرابی کو قتل نہیں کیا جاتا، اجماع حدیث کا ناسخ نہیں ہے، لیکن وہ نسخ پر دلالت کرتا ہے اور زیر بحث صورت میں اس کی تائید سنت میں بھی موجود ہے کیونکہ امام ترمذی نے حضرت جابر سے روایت کیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص کو لایا گیا جس نے چوتھی بار شراب پی تھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو کوڑے لگائے اور قتل نہیں کیا۔ اسی طرح زہری نے قبیصہ بن ذویب سے روایت کیا ہے۔ (علامہ جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ھ، تدریب الراوی ج۲ ص ۱۹۱-۱۹۲، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ۱۳۹۲ھ )
حافظ ابن حجر عسقلانی لکھتے ہیں:
جو صحابی بعد میں اسلام لایا ہو اگر اس کی روایت اس صحابی کے معارض ہو جو اس سے پہلے اسلام لایا تھا تو متاخر کی روایت کو ناسخ نہیں قرار دیا جائے گا، کیونکہ ہوسکتا ہے متاخر نے اس حدیث کو اس متقدم سے پہلے یا اس کے ساتھ اسلام لانے والے صحابی سے سنا ہو اور اس کو مرسلاً روایت کردیا ہو، ہاں اگر وہ متاخر الاسلام صحابی یہ تصریح کرے کہ اس نے اس حدیث کو خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے تو اس کی حدیث کو ناسخ قرار دیا جائے گا۔ (حافظ ابو الفضل احمد بن علی بن حجر عسقلانی متوفی ۸۵۲ھ، شرح نخبۃ الفکر ص ۴۸، مطبوعہ رحیم اکیڈمی ملتان )
علامہ سندھی لکھتے ہیں:
امام بغوی نے کہا ہے کہ طلق بن علی کی حسب ذیل روایت حضرت ابوہریرہ کی روایت سے منسوخ ہے:
عن طلق بن علی انہ قال سئل رسول الله صلى الله عليه وسلم عن مس الرجل ذكره بعد ما يتوضأ فقال هل هو الا بضعة منك۔
طلق بن علی بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ کسی شخص نے وضو کے بعد ذکر کو چھوا تو اس کا کیا حکم ہے؟ آپ نے فرمایا وہ تمہارے جسم کا ایک عضو ہی تو ہے!
اور اس کی ناسخ، حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی یہ روایت ہے جس کو امام دارقطنی نے روایت کیا ہے:
عن ابي هريرة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال اذا افضى احدكم بيده الى ذكره ليس بينه وبينها شئ فليتوضأ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب تم میں سے کوئی شخص بلا حجاب اپنے ذکر کو پکڑے تو وہ وضو کرے۔
امام بغوی نے کہا حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ، طلق بن علی کے آنے کے بعد اسلام لائے تھے، اس لیے حضرت ابوہریرہ کی روایت متاخر ہے اور طلق بن علی کی روایت کے لیے ناسخ ہے۔ لیکن حافظ ابن حجر عسقلانی نے جو قاعدہ بیان کیا ہے اس کے مطابق حضرت ابوہریرہ کی روایت کو ناسخ قرار دینا صحیح نہیں ہے کیونکہ حضرت ابوہریرہ نے اپنے خود سننے کی تصریح نہیں کی، علاوہ ازیں حضرت ابوہریرہ کی روایت میں ضعف ہے کیونکہ اس کی سند میں یزید بن عبدالملک ضعیف راوی ہے۔ (علامہ محمد اکرم سندھی من علماء قرن الحادی عشر، امعان النظر ص ۹۳-۹۴، مطبوعہ شاہ ولی اللہ اکیڈمی حیدرآباد سندھ )
میں کہتا ہوں کہ اس کی نظیر حضرت جریر کی حدیث ہے، کیونکہ ہر چند کہ وضو پہلے سے فرض تھا لیکن اس کی فرضیت کا بیان سورہ مائدہ کی آیت وضو میں نازل ہوا، اور حضرت جریر سورہ مائدہ کے نزول کے بعد اسلام لائے اور انہوں نے موزوں پر مسح کرنے کی حدیث بیان کی، اس سے معلوم ہوا کہ جب موزے پہنے ہوئے ہوں تو پیر دھونے کی فرضیت منسوخ ہوگئی اور اس کی ناسخ حضرت جریر کی حدیث ہے جو سورہ مائدہ کے نزول کے بعد اسلام لائے ہیں۔
امام ترمذی روایت کرتے ہیں:
عن همام بن الحارث قال بال جرير بن عبدالله ثم توضأ ومسح على خفيه قيل له اتفعل هذا قال وما يمنعني وقد رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم يفعلہ وكان يعجبهم حديث جرير لان اسلامه كان بعد نزول المائدة – ( امام ابو عیسیٰ محمد بن عیسیٰ ترمذی متوفی ۲۷۹ھ، جامع ترمذی ص ۴۰، مطبوعہ نور محمد کارخانہ تجارت کتب کراچی)
ہمام بن حارث روایت کرتے ہیں کہ حضرت جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے پیشاب کیا پھر وضو کیا اور موزوں پر مسح کیا، ان سے کہا گیا آپ اس طرح کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا مجھ کو اس چیز سے کیا مانع ہے، جب کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس طرح کرتے ہوئے دیکھا ہے، اور ان کو حضرت جریر کی حدیث پسند تھی کیونکہ وہ سورۂ مائدہ کے نزول کے بعد اسلام لائے تھے۔
نیز امام ترمذی روایت کرتے ہیں:
عن شهر بن حوشب قال رأيت جرير بن عبدالله توضأ ومسح على خفيه فقلت له في ذلك فقال رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم توضأ ومسح على خفيه فقلت له اقبل المائدة او بعد المائدة فقال ما اسلمت إلا بعد المائدة۔( امام ابو عیسیٰ محمد بن عیسیٰ ترمذی متوفی ۲۷۹ھ، جامع ترمذی ص ۴۰، مطبوعہ نور محمد کارخانہ تجارت کتب کراچی)
شہر بن حوشب بیان کرتے ہیں کہ میں نے دیکھا حضرت جریر بن عبداللہ نے وضو کیا اور موزوں پر مسح کیا میں نے ان سے اس کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا میں نے دیکھا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو کیا اور موزوں پر مسح کیا، میں نے پوچھا سورہ مائدہ کے نزول سے پہلے یا بعد؟ انہوں نے کہا میں سورہ مائدہ کے نزول کے بعد ہی تو مسلمان ہوا ہوں۔
لہذا حضرت جریر کے اسلام لانے کی تاریخ سے موزوں کے مسح کی مشروعیت پر استدلال کیا گیا ہے۔
حافظ ابن حجر عسقلانی لکھتے ہیں:
اگر دو حدیثیں متعارض ہوں اور تاریخ کا پتہ نہ چل سکے، اور سند یا متن کے لحاظ سے ایک حدیث کو کسی وجہ سے دوسری حدیث پر ترجیح دینا ممکن ہو تو ایک حدیث کو راجح اور دوسری کو مرجوح قرار دیا جائے گا ورنہ دونوں احادیث میں سے کسی ایک پر بھی عمل نہیں ہو سکے گا اور ان پر توقف کیا جائے گا۔(حافظ ابو الفضل احمد بن علی بن حجر عسقلانی متوفی ۸۵۲ھ، شرح نخبة الفکر ص ۴۹-۴۸، مطبوعہ رحیم اکیڈمی کراچی)