Site icon اردو محفل

حدیثِ مسلسل کا بیان

حدیثِ مسلسل کا بیان:

جس حدیث کی سند کے رجال میں سے ہر راوی تسلسل سے کسی ایک حالت کو نقل کرے عام ازیں کہ ہر راوی کسی ایک قول کو تسلسل سے نقل کرے یا کسی ایک فعل کو نقل کرے۔ یا قول اور فعل کو نقل کرے یا صیغۂ ادا کو نقل کرے۔ )حافظ زین الدین عبد الرحیم بن حسین عراقی متوفی ۸۰۶ھ، تذکرہ وتبصرہ شرح التبصرۃ ج ۲ ص ۲۸۴ ، ملخصاً مطبوعہ دار الباز للنشر والتوزیع مکہ مکرمہ(

اس کی مثال یہ ہے امام ابوداؤد روایت کرتے ہیں:

عن عبد الرحمن بن الحبلي عن الصنابحی عن معاذ بن جبل ان رسول الله صلى الله عليه و سلم اخذ بيده وقال يا معاذ والله اني لاحبك فقال اوصيك يامعاذ لا تدعن في دبر كل صلوة تقول اللهم اعني على ذكرك وشكرك وحسن عبادتك واوصى بذلك معاذ الصنابحي واوصى به الصنابحي ابا عبدالرحمن۔ (امام ابو داؤد سلیمان بن اشعث متوفی ۲۷۵ھ، سنن ابوداؤد ج ۱ ص ۲۱۳، مطبوعہ مطبع مجتبائی پاکستان لاہور، ۱۴۰۵ھ)

از عبد الرحمن حبلی از صنابجی از حضرت معاذ بن جبل روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ کا ہاتھ پکڑا اور فرمایا: اے معاذ! بہ خدا میں تم سے محبت کرتا ہوں، اے معاذ! میں تم کو وصیت کرتا ہوں کہ تم ہر نماز کے بعد اس دعا کو نہ چھوڑنا ”اے اللہ! تو اپنے ذکر اور شکر میں اور اچھی طرح اپنی عبادت کرنے میں میری مدد فرما، پھر حضرت معاذ کے صنابجی کو اس دعا کی وصیت کی اور صنابجی نے ابو عبد الرحمن کو اس کی وصیت کی۔

اس حدیث میں تسلسل یہ ہے کہ ہر راوی عنہ نے اپنے راوی کو ــــــــــــ اس دعا کی وصیت کی ہے۔

حدیثِ مسلسل کی دوسری مثال یہ ہے کہ سلسلۂ سند کے تمام رجال کسی ایک فعل کو تسلسل سے نقل کریں، حافظ عراقی لکھتے ہیں:

عن ابي هريرة قال شبك بيدي ابو القاسم صلى الله عليه وسلم وقال خلق الله الارض يوم السبت الحديث فقد تسلسل لنا تشبيك كل واحد من رواته بيد من رواه عنه۔ (حافظ زین الدین عبد الرحیم بن حسین عراقی متوفی ۸۰۶ھ التبصرۃ والتذکرۃ شرح الفیہ ج۲ ص۲۸۵ مطبوعہ دار الباز للنشر والتوزیع مکہ)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ابو القاسم صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے ہاتھ میں ہاتھ ڈالا اور فرمایا اللہ تعالیٰ نے ہفتے کے دن زمین کو پیدا کیا الحدیث، پھر ہر راوی عنہ نے اپنے راوی کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر یہ حدیث روایت کی۔

علامہ سخاوی لکھتے ہیں:

فعل کے تسلسل کی دیگر مثالیں یہ ہیں: سر پر ہاتھ رکھنا، طالب کا ہاتھ پکڑنا، درود شریف پڑھتے وقت ہاتھ کی پانچ انگلیوں سے گننا، مصافحہ کرنا، نماز میں رفع یدین کرنا، ٹیک لگا کر بیٹھنا، کھلانا پلانا، کھجور اور پانی سے دعوت کرنا۔(علامہ ابوعبداللہ محمد بن محمد الرحمن سخاوی متوفی ۹۰۲ھ ، فتح المغیث بشرح الفیة الحديث ج۴ ص۳۸، مطبوعہ دار الامام الطبری ، ۱۴۱۲ھ)

قول اور فعل دونوں کے تسلسل کے متعلق حافظ عراقی نے یہ مثال دی ہے:

حدثنا محمد بن اسماعيل بن ابراهيم الانصاري قال انأ والدي ويحيى بن علي بن محمد الفلانسي قال انا علي بن محمد ابي الحسن قال ثنا يحيى بن محمود الثقفي ثنا اسماعيل بن محمد بن الفضل ثنا احمد بن علي بن خلف ثنا محمد بن عبدالله الحاكم ثنا الزبير بن عبد الواحد ثنا يوسف بن عبد الاحد الشافعي ثنا سليمان بن شعيب الكسائي ثنا سعيد الاد م ثنا شهاب بن خراش قال سمعت يزيد الرقاشي يحدث عن انس بن مالك قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم لا يجد العبد حلاوة الايمان حتى يؤمن بالقدر خيره وشره حلوه ومره قال وقبض رسول الله صلى الله عليه وسلم على لحيته وقال امنت بالقدر خيره وشره حلوه ومره –

محمد بن اسماعيل بن ابراہیم انصاری، اپنے والد اور یحییٰ بن علی بن محمد قلانسی ،علی بن محمد ابی الحسن ، یحییٰ بن محمود ثقفی ، اسماعیل بن محمد ابن الفضل ، احمد بن علی بن خلف محمد بن عبد اللہ الحاکم ، زہیر بن عبدالواحد ، یوسف بن عبد الاحد شافعی ، سلیمان بن شعیب کیسانی ، سعید الأدم ، شہاب بن خراش ، یزید بن رقاشی ، وہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس وقت تک بندہ ایمان کی مٹھاس کر نہیں پا سکتا جب تک کہ اچھی اور بری ، میٹھی اور کڑوی تقدیر پر ایمان نہ لائے۔ حضرت انس نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی داڑھی کر مٹھی میں پکڑا اور فرمایا: میں اچھی اور بری ، میٹھی اور کڑوی تقدیر پر ایمان لایا۔

پھر حضرت انس نے اپنی داڑھی کو مٹھی میں پکڑ کر کہا: میں اچھی اور بری، میٹھی اور کڑوی تقدیر پر ایمان لایا، پھر یزید نے اپنی داڑھی کو پکڑا اور کہا: میں اچھی اور بری میٹھی اور کڑوی تقدیر پر ایمان لایا، اور شہاب نے اپنی داڑھی کو مٹھی میں پکڑ کر کہا: میں اچھی اور بری میٹھی اور کڑوی تقدیر پر ایمان لایا، پھر سعید نے، پھر سلیمان نے، پھر یوسف نے، پھر زبیر نے پھر حاکم نے پھر ابن خلف نے اور اسماعیل نے اور یحییٰ ثقفی نے اور علی بن محمد نے اور یحییٰ بن علی فلانسی اور ہمارے شیخ محمد بن اسماعیل نے اپنی داڑھی کو مٹھی میں پکڑ کر کہا میں اچھی اور بری میٹھی اور کڑوی تقدیر پر ایمان لایا۔

اس حدیث کو حافظ ابن عساکر نے روایت کیا ہے۔ (مختصر تاریخ دمشق ج ۳ ص ۳۳۹، مطبوعہ دمشق)

مصنف نے جب اس حدیث کو لکھا تو مصنف نے بھی اپنی داڑھی کو مٹھی پکڑ کر کہا: امنت بالقدر خیرہ وشرہ حلوہ ومرہ ۔ اور قارئین سے بھی التماس ہے کہ جب وہ ان سطروں کو پڑھیں تو اپنی داڑھی کو مٹھی میں پکڑ کر کہیں امنت بالقدر خیرہ وشرہ حلوہ ومرہ ۔ تاکہ سلسلہ رجال کے قول اور فعل کے تسلسل کے ساتھ ان کا قول اور فعل بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول اور فعل کے ساتھ منسلک ہوجائے۔ اور صیغہ ادا میں تسلسل کی مثال میں حافظ عراقی نے لکھا ہے؛

مثلاً راوی یہ کہے سمعت فلاناً ”میں نے فلاں سے سنا ہے“ پھر وہ کہے سمعت فلانا، اسی طرح تمام رجال کہیں، یا ہر راوی حدثنا کہے یا ہر راوی اخبرنا کہے تو یہ صیغہ ادا میں تسلسل ہے۔ (حافظ زین الدین عبد الرحیم بن حسین عراقی متوفی ۸۰۶ھ التبصرۃ والتذکرۃ شرح الفیۃ ج ۱ ص ۲۸۷ – ۲۸۶ ، مطبوعہ دار الباز للنشرالتوزیع مکہ مکرمہ)

Exit mobile version