سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے، آپ فرماتی ہیں کہ محبوبِ داور شافعِ محشر صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم جب بیت الخلاء سے باہر تشریف لاتے تو کہتے غُفْرَانَكَ (الہی میں تیری بخشش چاہتا ہوں۔)
امام ابو عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: یہ حدیث حسن غریب ہے، ہم اسے صرف اس طریق سے پہچانتے ہیں کہ اسرائیل نے یوسف بن ابی بردہ سے روایت کیا ہے (اور انہوں نے اپنے والد ابوبردہ سے)، ابوبردہ بن ابو موسیٰ کا نام عامر بن عبداللہ بن قیس اشعری ہے اور اس باب میں حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی روایت ہی معروف ہے۔
تخریج حدیث(7): (1 سنن ابو داود،کتاب الطهارة،باب ما يقول الرجل اذا خرج من الخلاء، 1/8حدیث 30،المكتبة العصرية ، صيدا ، بيروت )(2 سنن ابن ماجة ، كتاب الطهارة وسننها،باب مايقول اذاخرج من الخلا، 1/110 ، رقم 300،دار احیاءالكتب العربية،فيصل،عيسى البابي الحلبي
”غُفْرَانَكَ“ کی اصل:
علامہ علی بن سلطان معروف بہ ملاعلی قاری علیہ رحمۃ اللہ الباری فرماتے ہیں:
نبی پاک صاحب لولاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم جب بیت الخلاء سے باہر نکلتے تو کہتے: ”غُفْرَانَكَ“ اس لفظ کا نصب فعل مقدر کی وجہ سے ہے۔ کہا گیا ہے کہ تقدیری عبارت ”اغْفِرْ غُفْرَانَكَ“ ہے یعنی اے اللہ! تو (مجھے) اپنی مغفرت عطا فرما۔ اور تورپشتی نے کہا ہے کہ ’غُفْرَانَكَ‘ لفظ ’مَغْفِرَةً‘ کی طرح مصدر ہے اور اس کا معنیٰ یہ ہے کہ ”اے اللہ! میں تجھ سے تیری مغفرت کا سوال کرتا ہوں۔“(مرقاہ المفاتیح،کتاب الطهارة،باب آداب الخلاء،ج1/ 387،تحت الحديث359،دارالفکر،بیروت)
بیت الخلاء سے نکلتے وقت مغفرت طلب کرنے کی وجہ:
یہی علامہ علی قاری علیہ رحمۃ اللہ الباری فرماتے ہیں:
بیت الخلاء سے نکلنے کے بعد حضور انور مالک بحر و بر صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے اس دعا کو پڑھنے کی دو وجہیں بیان کی گئی ہیں، ایک یہ کہ آپ علیہ الصلوۃ والسلام نے اس حالت سے استغفار کیا ہے جس نے اللہ تعالی کے ذکر کو چھوڑنے کا تقاضا کیا تھا کیونکہ آپ علیہ الصلوۃ والسلام قضائے حاجت کے علاوہ ہر حالت میں اللہ تعالی کا ذکر کیا کرتے تھے۔ اور دوسری وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالی نے کھانے اور پانی کو خوشگوار بنا کر اور غذا کو نکلنے کے وقت تک بدن کی مصلحت کے مناسب صورت پر ترتیب دے کر انسان پر جو انعامات کیے ہیں، قوتِ بشریہ ان کا پورا پورا شکر ادا کرنے سے عاجز ہے پس سید عالم نورِ مجسم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے ان نعمتوں کا حق ادا کرنے سے عجز و قصور کا اعتراف کرتے ہوئے استغفار کا سہارا لیا ہے۔ (مرقاہ المفاتیح،کتاب الطهارة،باب آداب الخلاء،ج1/ 387،تحت الحديث359،دارالفکر،بیروت)
امام جلال الدین سیوطی علیہ رحمۃ اللہ القوی نے مذکورہ دو وجہیں بیان کرنے کے ساتھ ساتھ پہلی وجہ سے متعلق ایک دلچسپ سوال جواب بھی درج کیا ہے، فرماتے ہیں:
اگر یہ کہا جائے کہ نبی مکرم رسول اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے (اس حالت میں) ذکر اللہ تو رب تعالی ہی کے حکم سے ترک کیا ہے تو اللہ تعالی کے حکم و اذن سے کئے گئے کام پر مغفرت کیونکر طلب کی؟ تو جواب یہ ہے کہ ترک اگرچہ اللہ تعالی کے حکم سے ہے مگر یہ ایک ایسے امر کی بنا پر ہے جو اپنی ذات کی جانب سے ہے اور وہ ہے قضائے حاجت کی احتیاج۔
مزید فرماتے ہیں:
ابن سید الناس نے کہا ہے کہ یہاں ایک تیسری وجہ کا بھی احتمال ہے وہ یہ کہ سرور انبیاء مالکِ دوسرا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی امت کو بیت الخلاء میں داخل ہونے اور اس سے نکلنے کا طریقہ سکھانے کے لیے ایسا کیا ہے۔ پس جو شخص ان خبیث جنوں اور جنیوں سے جن سے اس نے پناہ مانگی تھی سلامتی اور حفاظت کے ساتھ نکلا اس کا حق بنتا ہے کہ وہ پناہ دینے اور اس کی دعا قبول کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرے اور اس نعمت کا شکرانہ ادا نہ کر پانے کے خوف سے استغفار کرے۔ (قوت المغتذی على جامع الترمذی، ابواب الطهارة، باب مايقول اذاخرج من الخلاء، ج 42/1، تحت الحديث: 7، جامعة ام القرى، مكة المكرمة)
”لا يَعْرِفُ فِي الْبَابِ إِلَّا حَدِيثَ عَائِشَةَ“ کا مطلب:
علامہ ابو زکریا یحییٰ بن شرف نووی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں:
بیت الخلاء سے نکلنے کے بعد جو کلمات پڑھے جائیں اس کے بارے میں بہت ساری احادیث وارد ہیں جن میں سے حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی مذکورہ حدیث کے علاوہ کوئی بھی ثابت نہیں اور امام ترمذی کی اپنے قول ’لا يَعْرِفُ فِي الْبَابِ إِلَّا حَدِيثَ عَائِشَةَ‘ سے یہی مراد ہے۔ (المجموع شرح المهذب، باب الاستطابة، 2/76، دار الفكر، بيروت)
بیت الخلاء سے باہر آ کر پڑھنے کی تین (3) دیگر دعائیں:
(1) حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم رؤوف و رحیم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم جب بیت الخلاء سے باہر تشریف لاتے تو یہ دعا پڑھتے: ’اَلْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَذْهَبَ عَنِّي الْأَذَى وَعَافَانِي‘ ”تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں جس نے مجھ سے تکلیف کو دور کیا اور عافیت عطا فرمائی۔ (ابن ماجة، كتاب الطهارة وسننها، باب مايقول اذاخرج من الخلاء، ج 110/1، حديث 301، دار احياء الكتب العربية، بيروت)
(2)حضرت سیدنا طاؤس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ نبی مکرم شفیع معظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب تم میں سے کوئی شخص قضائے حاجت کو آئے تو اللہ عزوجل کے قبلہ کی تکریم کرے پس (قضائے حاجت کے وقت) نہ تو اس کی طرف رخ کرے اور نہ پیٹھ، پھر تین پتھروں، لکڑی کے تین ٹکڑوں یا مٹی کے تین ڈھیلوں سے پاکی حاصل کرے اور پھر یوں کہے: ’اَلْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَخْرَجَ عَنِّي مَا تُؤْذِينِي وَأَمْسَكَ عَلَيَّ مَا يَنْفَعُنِي‘ ”سب خوبیاں اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں جس نے میرے بدن سے ایذا رساں چیز کو خارج کیا اور سودمند چیز کو روک رکھا۔ (سنن الدارقطنی، كتاب الطهارة، باب الاستنجاء، 1/91، حدیث 156، مؤسسة الرسالة، بيروت)
(3) حضرت سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ تاجدار مدینہ راحت قلب و سینہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم جب بیت الخلاء سے نکلتے تو یہ دعا پڑھا کرتے: ’الْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِیْ اَذَاقَنِیْ لَذَّتَہٗ وَاَبْقٰی فِیَّ قُوَّتَہٗ وَدَفَعَ عَنِّیْ اَذَاہُ‘ سب خوبیاں اللہ تعالی کے لئے ہیں جس نے مجھے کھانے کی لذت عطا کی، اس کی قوت کو مجھ میں باقی رکھا اور ضرر کو دور کیا۔ (الدعاء للطبرانی، باب القول عند الخروج عن الخلاء، 1/136، حدیث 370، دار الكتب العلمية، بيروت)
”هذا حديث حسن غريب“ کی وضاحت:
حدیث حسن کی تعریف سابقہ باب میں گزری کہ ’حدیث حسن وہ ہے جو درجہِ ضعیف سے برتر ہو لیکن درجہِ صحت کو نہ پہنچے۔“(الموقظة في علم مصطلح الحديث، الحسن، ص26، مكتب المطبوعات الاسلامية، حلب)
اور حدیثِ غریب کی تعریف کرتے ہوئے حافظ ابو الفضل ابن حجر عسقلانی علیہ رحمۃ اللہ الکافی (متوفی 852ھ) فرماتے ہیں: کسی حدیث کو روایت کرنے میں ایک شخص منفرد ہو عام ازیں کہ تفرد سند میں کہیں بھی واقع ہو تو یہ حدیثِ غریب ہے۔ (نزهة النظر في توضیح نخبة الفكر، الغریب، ص50، مطبعة الصباح، دمشق)
اس تقدیر پر حسن اور غریب کو جمع کرنے میں کوئی استحالہ نہیں لیکن امام ترمذی علیہ الرحمۃ نے العلل الصغیر میں حدیثِ حسن کی تعریف کرتے ہوئے یہ قید لگائی ہے کہ ’وہ حدیث کسی دوسری سند سے بھی مروی ہو۔“ (العلل الصغير للترمذی (المطبوع بآخر المجلد الخامس من سنن الترمذی)، معانی الاصطلاح للترمذی، ص758، دار احياء التراث العربی، بیروت)
اب اس تعریف کے لحاظ سے ان دونوں کے جمع کرنے پر یہ اعتراض ہوتا ہے کہ حدیث غریب وہ ہوتی ہے جسے روایت کرنے میں ایک راوی متفرد ہو اور امام ترمذی کے نزدیک حدیث حسن وہ ہے جو کسی دوسری سند سے بھی مروی ہو لہذا ان دونوں کو ایک ہی حدیث میں جمع کرنے کا مطلب یہ ہوا کہ ایک ہی حدیث متعدد سندوں سے بھی مروی ہے اور اسے روایت کرنے میں کوئی ایک راوی متفرد بھی ہے حالانکہ یوں ایک ہی چیز میں دو متضاد صفتیں جمع ہونا محال ہے۔
حافظ ابن حجر عسقلانی علیہ رحمۃ اللہ الکافی (متوفی 852ھ) اس اعتراض کا جواب دیتے ہوئے فرماتے ہیں: امام ترمذی نے (جس تعریف میں یہ قید لگائی ہے کہ ’وہ حدیث کسی دوسری سند سے بھی مروی ہو۔‘ وہ) مطلقاً حسن کی تعریف نہیں کی بلکہ آپ نے اپنی کتاب میں واقع ہونے والی ایک خاص نوع کی تعریف کی ہے اور یہ وہ ہے جس کے بارے آپ نے بغیر کسی دوسری صفت کے فقط حسن فرمایا ہے اور معاملہ یہ ہے کہ آپ نے بعض احادیث کے بارے حسن، بعض کے بارے صحیح ، بعض کے بارے غریب، بعض کے بارے حسن صحیح، بعض کے بارے حسن غریب، بعض کے بارے صحیح غریب اور بعض کے بارے حسن صحیح غریب فرمایا ہے اور تعریف فقط اول کی تحریر کی ہے اور آپ کی عبارت بھی اسی طرف رہنمائی کرتی ہے چنانچہ آپ نے اپنی کتاب کے آخر میں فرمایا: ”وما قلنا فی کتابنا: حدیث (حسن) ؛ فإنما أردنا به حسن إسناده عندنا، (إذ) کل حدیث یروی ولا یکون راویہ متہما بکذب، ویروی من غیر وجہ نحو ذلك، ولا یکون شإذا فہو عندنا حدیث حسن“ ”ہم نے اس کتاب میں جو ”حدیث حسن“ کہا ہے تو اس سے ہماری مراد یہ ہے کہ ہمارے نزدیک اس حدیث کی اسناد حسن ہے پس ہر وہ حدیث جس کی سند میں نہ کوئی متہم بالکذب ہو، نہ حدیث شاذ ہو اور وہ حدیث کسی دوسری سند سے بھی مروی ہو تو وہ ہمارے نزدیک حسن ہے۔ پس مذکورہ عبارت سے معلوم ہوا کہ آپ علیہ الرحمہ نے ان الفاظ سے فقط حسن کی تعریف کی ہے اور جس طرح فقط صحیح یا فقط غریب کی تعریف نہیں کی یونہی حسن صحیح، حسن غریب یا حسن صحیح غریب کی تعریف کرنے کے درپے بھی نہیں ہوئے، گویا کہ آپ نے اہل فن کے ہاں ان اصطلاحات کی تعریف مشہور ہونے کی وجہ سے انہیں ترک کر دیا اور صرف اس نوع کی تعریف پر اکتفا کیا جس کے بارے آپ نے فقط حسن فرمایا ہے یا تو اس کی تعریف کے مبہم ہونے کی وجہ سے یا اصطلاح جدید ہونے کی وجہ سے اور اسی لئے امام ترمذی علیہ الرحمہ نے اس تعریف میں ”عندنا“ کی قید لگائی ہے(کہ ہمارے نزدیک حدیث حسن وہ ہے جو کسی دوسری سند سے بھی مروی ہے) اور خطابی کی طرح اسے محدثین کی طرف منسوب نہیں کیا؛ اس تقریر سے بہت سے ایسے اعتراضات دور ہوجاتے ہیں جن میں بحث طول پکڑ جاتی ہے لیکن کوئی توجیہ واضح نہیں ہوتی ۔(نزهة النظر فی توضیح نخبة الفكر، الحسن لذاته، ص 68-67، مطبعة الصباح، دمشق)