۳۲ – بَابُ مَنْ لَّمْ يَكْرَهُ الصَّلُوةَ إِلَّا بَعْدَ الْعَصْرِ وَالْفَجْرِ
جس کے نزدیک صرف عصر اور فجر کے بعد نماز پڑھنا مکروہ ہے
اس باب میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ جن فقہاء کے نزدیک صرف عصر کی نماز اور فجر کی نماز کے بعد نماز پڑھنا مکروہ ہے۔
رواہ عمر وابن عمر، وابو سعید ، وابوھریرہ رضی اللہ عنہم۔
اس عدم کراہت کو حضرت عمرؓ اور حضرت ابن عمرؓ اور حضرت ابوسعید اور حضرت ابوہریرہؓ نے بیان کیا ہے۔
ان صحابہ کرام کی احادیث سابقہ میں گزرچکی ہیں، حضرت عمرؓ کی حدیث: ۵۸۱ ہے اور حضرت ابن عمرؓ کی حدیث: ۵۸۲ ہے۔ اور حضرت ابوسعید خدری کی حدیث: ۵۸۶ ہے اور حضرت ابوہریرہؓ کی حدیث: ۵۸۴ ہے۔
۵۸۹ – حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ قَالَ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ، عَنْ ایوب عن نَافِعٍ، عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ أُصَلِّي كَمَا رَأَيْتُ أَصْحَابِي يُصَلُّونَ لَا أَنْهَى أَحَدًا يُصَلِّي بِلَيْلٍ وَلَا نَهَارٍ مَا شَاءَ، غَيْرَ أَنْ لَا تَحَرَّوْا طُلُوعَ الشَّمْسِ وَلَا غُرُوبَهَا.
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں ابوالنعمان نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں حماد بن زید نے حدیث بیان کی از ایوب از نافع از حضرت ابن عمرؓ انہوں نے کہا: میں اس طرح نماز پڑھتا ہوں جس طرح میں نے اپنے اصحاب کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھا ہے جو شخص دن اور رات کے کسی وقت میں بھی نماز پڑھے میں اس کو منع نہیں کرتا سوائے اس کے کہ وہ سورج کے طلوع کے وقت نماز کا قصد نہ کرے اور نہ سورج کے غروب کے وقت نماز کا قصد کرے۔
اس حدیث کی شرح کے لیے صحیح البخاری: ۵۸۲ کا مطالعہ فرمائیں۔
