۳۰ – بَابُ الصَّلَاةِ بَعْدَ الْفَجْرِ حَتَّى تَرْتَفِعَ الشَّمْسُ

فجر کے بعد نماز حتی کہ سورج بلند ہوجائے

اس باب میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ فجر کی نماز پڑھنے کے بعد اس وقت نماز پڑھی جائے جب سورج بلند ہوجائے۔

۵۸۱ – حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ قَالَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ، عَنْ قَتَادَةَ، عَنْ أَبِي الْعَالِيَةِ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ شَهِدَ عِنْدِي رِجَالٌ مَرْضِيُّونَ وَأَرْضَاهُمْ عِنْدِي عُمَرُ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَهَى عَنِ الصَّلَاةِ بَعْدَ الصُّبْحِ حَتَّى تُشْرِقَ الشَّمْسُ وَبَعْدَ الْعَصْرِ حَتَّى تَغْرُبَ.

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں حفص بن عمر نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں ہشام نے حدیث بیان کی از قتادہ از ابی العالیہ از حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما انہوں نے کہا: میرے پاس پسندیدہ لوگوں نے شہادت دی تھی اور سب سے زیادہ پسندیدہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی شہادت تھی کہ نبی کریم ﷺ نے صبح کی نماز کے بعد نماز پڑھنے سے منع فرمایا حتی کہ سورج چمکنے لگے اور عصر کے بعد نماز پڑھنے سے منع فرمایا حتی کہ سورج غروب ہوجائے۔

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، قَالَ حَدَّثَنَا يَحْيَى، عَنْ شُعْبَةَ، عَنْ قَتَادَةَ سَمِعْتُ أَبَا الْعَالِيَةِ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ حَدَّثَنِي نَاسٌ بِهَذَا.

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں مسدد نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں یحییٰ نے حدیث بیان کی از شعبہ از قتادہ وہ بیان کرتے ہیں: میں نے ابوالعالیہ سے سنا از حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما انہوں نے بیان کیا کہ لوگوں نے مجھے یہ حدیث بیان کی۔

(صحیح مسلم: ۸۲۶، الرقم المسلسل: ۱۸۹۰، سنن ابوداؤد: 1276، سنن ترمذی: ۱۸۳، سنن نسائی: ۵۶۲-۵۶۱، سنن ابن ماجہ: ۱۲۵۰، مسند البزار: ۱۸۵، مسند ابو یعلی: 147، صحیح ابن خزیمہ: 2146-1272، مسند احمد ج ۱ ص ۱۸ طبع قدیم، مسند احمد: 110 ج ۱ ص ۲۶۶، مؤسسۃ الرسالۃ، بیروت، جامع المسانید لابن الجوزی: 5709، مکتبۃ الرشید، ریاض 1426ھ)

اس حدیث کے پانچ رجال ہیں ان کا تعارف پہلے ہوچکا ہے۔

اس حدیث کی باب کے عنوان کے ساتھ مطابقت اس طرح ہے کہ اس حدیث میں فجر کے بعد نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے حتی کہ سورج بلند ہوجائے۔

عصر کے بعد نوافل کی ممانعت پر ایک حدیث سے معارضہ کا جواب

امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ نے اس حدیث سے یہ استدلال کیا ہے کہ فجر کی نماز کے بعد نفل پڑھنا مکروہ ہے حتی کہ سورج طلوع ہوجائے اور عصر کی نماز کے بعد بھی نفل پڑھنا مکروہ ہے حتی کہ سورج غروب ہوجائے،ابراہیم نخعی نے کہا کہ فقہاء اس نماز کو مکروہ کہتے تھے اور یہ صحابہ کی ایک جماعت کا قول ہے۔

اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ ایک حدیث میں یہ تصریح ہے کہ نبی ﷺ عصر کے بعد دو رکعت نماز پڑھنے کو ترک نہیں کرتے تھے۔ ہشام بیان کرتے ہیں کہ مجھے میرے والد نے خبر دی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: اے میرے بھانجے! نبی ﷺ میرے پاس عصر کے بعد دو رکعت نماز کو کبھی ترک نہیں کیا۔ (صحیح البخاری: ۵۹۱، صحیح مسلم: ۸۳۵)

اس کا جواب یہ ہے کہ جب ایسی دو حدیثوں میں تعارض ہو، جو ایک فعل کی مبیح ہو اور دوسری اس فعل سے مانع ہو تو جو حدیث مانع ہو اس کو موخر قرار دے کر اس کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اس کا دوسرا جواب یہ ہے کہ عصر کے بعد دو رکعت نماز پڑھنا آپؐ کی خصوصیت تھی، ہمارے لیے عصر کے بعد نماز پڑھنا ممنوع ہے، سوا اس کے کہ کوئی قضا نماز پڑھی جائے یعنی عصر کے بعد قضاء نماز پڑھنا جائز ہے۔