Site icon اردو محفل

حدیث مقلوب کا بیان

حدیث مقلوب کا بیان:

مقلوب، قلب کا اسم مفعول ہے، اور قلب کا معنی ہے کسی شئے کو الٹا کرنا، الٹ پلٹ کرنا، اور اصطلاح میں حدیث مقلوب اس حدیث کو کہتے ہیں جس کی سند یا متن میں کسی لفظ کو بدل دیا جائے یا مقدم کو موخر اور موخر کو مقدم کردیا جائے۔ اس کی دو قسمیں ہیں مقلوب السند اور مقلوب المتن۔

مقلوب السند وہ حدیث ہے جس کی سند میں تبدیلی واقع ہو اور اس کی دو صورتیں ہیں:

(۱)۔ کسی راوی کے نسب میں تقديم و تاخیر کردی جائے مثلاً حدیث کعب بن مرہ سے مروی ہے اور راوی اس کو مرہ بن کعب بیان کرے۔

(۲)۔ راوی کا نام بدل دیا جائے، مثلاً کوئی حدیث سالم سے مروی ہو اور سالم کی جگہ نافع کا ذکر کیا جائے۔

علامہ سیوطی لکھتے ہیں:

حماد بن عمرو النصيبی، ابوا اسماعيل ابراهيم بن ابی حية اليسع اور بہلول بن عبيد كندی سند میں راویوں کے نام بدل دیا کرتے تھے، ابن دقیق العید نے کہا ہے کہ اس قسم کے راویوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ سارق الحدیث ہیں، عراقی نے اس کی یہ مثال بیان کی ہے:

عمرو بن خالد الحرانی عن حماد النصيبی عن الاعمش عن ابی صالح عن ابي هريرة مرفوعاً:  اذا لقيتم المشركين فى طريق فلا تبد ؤُهم بالسلام الحديث ۔

عمرو بن خالد الحرانی از حماد النصيبی از اعمش از ابی صالح از ابوہریرہ روایت ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم مشرکین سے راستے میں ملاقات کرو تو ان کو سلام میں پہل نہ کرو۔

یہ حدیث مقلوب ہے، حماد نے اس کو مقلوب کردیا اور اس کو اعمش سے روایت کیا حالانکہ یہ حدیث از سہیل بن ابی صالح از ابی صالح معروف ہے، امام مسلم نے اس حدیث کو شعبہ، ثوری، جریر بن عبد الحمید اور عبد العزیز دراوردی سے روایت کیا ہے، اور یہ سب سہیل سے روایت کرتے ہیں۔

علامہ بلقینی نے کہا ہے کہ حدیث مقلوب المتن کی مثال یہ ہے کہ حبیب بن عبد الرحمن نے اپنی پھوپھی انیسہ سے مرفوعاً روایت کیا ہے:

اذا اذّن ابن ام مکتوم فکلوا واشربوا و اذا اذّن بلال فلا تاكلوا ولا تشربوا الحديث ۔

جب ابن ام مکتوم اذان دے تو کھاؤ اور پیو اور جب بلال اذان کہے تو نہ کھاؤ اور نہ پیو۔

اس حدیث کو امام احمد، امام ابن خزیمہ اور امام ابن حبان نے روایت کیا ہے، اور حضرت ابن عمر اور حضرت عائشہ سے مشہور روایت یہ ہے:

ان بلالاً يؤذن بلیل فکلوا واشربوا حتی يؤذن ابن ام مکتوم

بے شک بلال رات کو اذان دیتے ہیں تم کھاتے پیتے رہو، حتی کہ ابن ام مکتوم اذان دیدے۔

علامہ بلقینی نے کہا جو روایت اس کے خلاف ہے وہ مقلوب ہے۔

علامہ ابن حجر عسقلانی نے مقلوب المتن کی مثال میں یہ حدیث ذکر کی ہے ، امام مسلم روایت کرتے ہیں:

عن ابي هريرة السبعة الذين يظلهم الله في ظله ففيه ورجل تصدق بصدقة اخفاها حتى لا تعلم يمينه ما تنفق شماله –

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ سات آدمی اللہ تعالیٰ کے سائے میں ہوں گے اور اس میں ہے کہ جس آدمی نے چھپا کر صدقہ دیا حتیٰ کہ دائیں ہاتھ کو علم نہیں ہوا کہ بائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا۔

اس میں ایک راوی نے متن مقلوب کر دیا ہے اصل میں ہے حتیٰ کہ بائیں ہاتھ کو پتا نہ چلے کہ دائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا ہے ، بخاری اور مسلم میں ایک اور جگہ اسی طرح ہے ۔

اسی طرح امام طبرانی نے ایک مقلوب حدیث روایت کی ہے :

عن ابي هريرة اذا امرتكم بشيء فأتوه واذا نهيتكم عن شيء فاجتنبوه ما استطعتم –

حضرت ابوہریرہ بیان کرتے ہیں “جب میں تم کو کسی چیز کا حکم دوں تو اس کو کرو ، اور جب تم کو کسی چیز سے روکوں تو بقدر استطاعت اس سے بچو۔”

اصل میں یہ حدیث اس طرح ہے :

ما نهيتكم عنه فاجتنبوه وما امرتكم به فافعلوا منه ما استطعتم-

جب میں تم کو کسی چیز سے منع کروں تو اس سے اجتناب کرو اور جب میں تم کو کسی چیز کا حکم دوں تو اس کو بقدر استطاعت کرو۔

صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں یہ حدیث اسی طرح ہے ۔ (علامہ جلال الدین سیوطی متوفی ۹۱۱ھ، تدریب الراوی ج ۱ ص ۲۹۳-۲۹۲ ، مطبوعہ مکتبہ علمیہ مدینہ منورہ ، ۱۳۹۲ھ)

—

Exit mobile version