فرشتوں کی تسبیح

حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ رحمت عالم ﷺ سے پوچھا گیاکونسا کلام افضل ہے ؟رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ عزوجل نے اپنے فرشتوں کے لئے جو تسبیح منتخب فرمایاوہ یہ ہے ’’سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ‘‘ (مسلم شریف)

میرے پیارے آقاﷺ کے پیارے دیوانو! مذکورہ حدیث شریف میں فرشتوں کی تسبیح کا ذکر فرمایا گیا ہے۔ یعنی سارے فرشتے ’’سُبْحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمْدِہٖ‘‘پڑھا کرتے ہیں فرشتوں کایہ پڑھنا اللہ عزوجل کی تعلیم سے ہے اس لئے یہ کلمات بہت افضل ہیں۔ اس سے میرے آقاﷺ کی شان ارفع واعلیٰ بھی ظاہر ہوتی ہے کہ تاجدار کائنات ﷺ فرشتوں کی عبادت کو بھی جانتے ہیں اور ان کے حالات سے بھی باخبر ہیں جو آسمان میں رہتے ہیں۔ پتہ یہ چلا کہ جو رسول اللہ ﷺعرش والوں کے حالات سے باخبر ہوں وہ فرش والوں کے حالات سے کیوںبے خبر ہوں گے۔

لہٰذا ایسے پیارے پیارے عمل کرو جسے دیکھ کر میرے پیارے آقا ﷺ راضی ہوجائیں۔ اللہ عزوجل ہمیں فرشتوں کی تسبیح پڑھنے کی توفیق نصیب فرمائے۔

آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْمِ عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَ التَّسْلِیْمِ