{ اِحرام کی حالت میں خوشبو کے بارے میں سُوال وجواب}

سُوال }… اِحرام کی حالت میں عِطْر کی شیشی ہاتھ میں لی اورہاتھ میں خوشبو لگ گئی توکیا کفارہ ہے ؟

جواب }… اگر لوگ دیکھ کر کہیں کہ یہ بہت سی خوشبو لگ گئی ہے اگر چہ عُضْو کے تھوڑے سے حصّے میں لگی ہو ، تودَم واجب ہے ۔ورنہ معمولی سی خوشبو بھی جسم پر لگ گئی تو صدقہ ہے ۔

سُوال }… سر میں خوشبودار تیل ڈال لیا، تو کیا کرے؟

جواب }… اگر کوئی بڑا عُضو مثلاً ران ،منہ ، پنڈلی یا سر ، سارے کا ساراخوشبو سے آلودہ ہوجائے خواہ خوشبو دار تیل کے ذریعے ہو یا عطر سے دَم واجب ہوجائے گا۔

سُوال }… بچھونے یااِحرام کے کپڑے پر خوشبو لگ گئی یاکسی نے لگا دی تو ؟

جواب}…خوشبو کی مقدار دیکھی جائے۔ زیادہ ہے تودَم ، اورکم ہے توصدقہ ۔

سُوال }… اُس بچھونے پر ہم اُس وقت موجود نہ ہوں یا وہ اِحرام کا کپڑا اگر اُس وقت ہمارے جسم پر نہ ہوتو کیا حکم ہے ؟

جواب}… اگر اب اُسے استعمال نہ کریں تو کوئی کفارہ نہیں ۔

سُوال }… جو خوشبو نیت احرام سے پہلے بدن یا احرام کی چادروں پر لگائی تھی کیا نیت ِاحرام کے بعد اس خوشبو کو زائل کرنا ضروری ہے ؟

جواب }… نہیں ، ان دونوں خوشبو دار چادروں کواستعمال کرنے کی اجازت ہے ۔چاہے ان میں کتنی ہی مَہک ہو۔

سُوال }… اِحتلام ہوگیا یا کسی وجہ سے اِحرام کی ایک یا دونوں چادریں ناپاک ہوگئیں اب دوسری چادریں موجود تو ہیں مگر ان میںپہلے کی خوشبو لگی ہوئی ہے ، انہیں پہن سکتے ہیں یانہیں ؟

جواب }… اگر خوشبو مَہک رہی ہے تونہیں پہن سکتے اوراگر مَہک اُڑ چکی ہے توپہننے میں حرج نہیں صرف اُن دوخوشبو دار چادروں کو مُحرِم پہن سکتاہے جس پر اُس نے اِحرام کی نیت سے قبل خوشبو لگائی تھی اورانہیں پہن کر احرام کی نیت کی تھی ان دوکے علاوہ اگر کوئی سی بھی خوشبو دار چادرپہنیں گے تو کفارہ لازم آئے گا۔لہٰذا بغیر خوشبو کی چادر اگر میسر نہیں تو جو پہنی ہوئی ہیں اُن کو اُتار کر پاک کرکے پھر پہن لیں۔

سُوال }… اِحرام کی حالت میں حجرِ اَسود کا بوسہ لینے میں اگر خوشبو لگ گئی تو کیا کریں؟

جواب }… اگر بہت سی لگ گئی تو دَم اورتھوڑی سی لگ گئی تو صدقہ دیں ۔

سُوال }… اِحرام کی نیت کرلینے کے بعد ائیر پورٹ وغیرہ پر لوگ اِحرام والے حاجی صاحب کو گلاب یا موتیا کے پھولوں کا گجرا ڈالتے ہیں یہ کیسا ہے ؟

جواب}… ممنوع ہے ۔

سُوال }… مُحرِم الائچی کھا سکتاہے یا نہیں ؟

جواب}… حرام ہے نہیں کھا سکتا۔ اگر خالص خوشبو، جیسے الائچی ، لونگ، دارچینی، اتنی کھائیں کہ منہ کے اکثر حصّے میں لگ گئی تودَم واجب ہوگیا اورکم میں صدقہ۔

سُوال }…خوشبو دار زردہ، بریانی اور قورمہ کھاسکتے ہیں یا نہیں ؟

جواب }… جو خوشبو کھانے میں پکالی گئی ہو، چاہے اب بھی اُس سے خوشبو آرہی ہو، اُسے کھانے میں مضائقہ نہیں۔ اسی طرح خوشبو پکاتے وقت تو نہیں ڈالی تھی اوپر ڈال دی تھی مگر اب اُس کی مَہک اُڑ گئی اُس کا کھانا بھی جائز ہے اگر بغیر پکائی ہوئی خوشبو کھانے یا معجون وغیرہ دوا میں ملادی گئی تو اب اُس کے اجزاء غذا یا دوا وغیرہ بے خوشبو اشیاء کے اجزاء سے زیادہ ہیں تو وہ خالص خوشبو کے حکم میں ہے اورکفارہ ہے کہ منہ کے اکثر حصّے میں خوشبو لگ گئی تودَم اور کم میں لگی توصَدقہ ، اوراگر اناج وغیرہ کی مقدارزیادہ ہے اورخالص خوشبو کی مقدار کم توکوئی کفارہ نہیں ۔ہاں خالص خوشبو کی مَہک آتی ہو تومکروہ ہے ۔

سُوال }… اِحرام کی حالت میں خوشبودار شربت پینا کیسا ہے ؟

جواب }… پینے کی چیزمیں اگر خوشبو ملائی اگر خوشبو غالب ہے (تودَم ہے ) یا خوشبو کم ہے مگر اسے تین بار یا زیادہ پیا تو دم ہے ورنہ صدقہ۔(بہارِ شریعت)

سُوال }… مُحرِم ناریل کا تیل سروغیرہ میںلگا سکتاہے یا نہیں؟

جواب }… کوئی حرج نہیں ۔البتہ تل اور زیتون کا تیل خوشبو کے حکم میں ہے ۔اگر چہ ان میں خوشبو نہ ہو یہ جسم پر نہیں لگا سکتے ۔ہاں ، ان کے کھانے ،ناک میں چڑھانے ، زَخم پر لگانے اورکان میں ٹپکانے میں کفارہ واجب نہیں۔

سُوال }…اِحرام کی حالت میں آنکھوں میںخوشبو دار سُرمہ لگانا کیسا ہے ؟

جواب }… حرام ہے اس کی ایک یا دوسلائی لگائی تو صدقہ واجب اور تین یا زیادہ سلائیاں لگانے میں دَم واجب ہوجائے گا۔(رُکنِ دین ، کتاب الحج)

سُوال }… خوشبو لگالی اورکفارہ بھی دے دیا ، تواب لگی رہنے دیں یا کیا کریں؟

جواب }…خوشبو لگانا جب جُرم ٹھہرا توبدن یا کپڑے سے دُور کرنا واجب ہے اورکفارہ دینے کے بعد اگر زائل نہ کیا تو پھر دَم وغیرہ واجب ہوگا۔لہٰذا کفارہ دینے سے قبل خوشبو زائل کرنا ضروری ہے ۔