مسلک اور فرقہ میں فرق کیا ہے ؟

مختصراََ

محمد علی مرزا اور اس قبیل کے لوگوں کی ایک سب سے بڑی غلط فہمی یہ ہے کہ یہ مسلک اور فرقہ کو ہم معنی سمجھتے ہیں۔ جبکہ مسلک اگر چیز ہے اور فرقہ قطعی طور پر ایک الگ چیز ہے۔ مسلک دین اسلام پر عمل کرنے کے ایک مخصوص طور طریقے کا نام ہے جس کی بنیاد ما انا علیہ و اصحابی پر ہوتی ہے۔ جیسے کہ حنفی، مالکی، شافعی اور حنبلی مسالک ہیں ان میں اختلاف فروعیات میں ہے اور اعتقادی لحاظ سے یہ سب ایک ہیں۔ مسلک اعتقادی اعتبار سے اھل سنت والجماعت میں ہی شمار ہوتا ہے۔ یعنی اس کے عقائد وہی ہوتے ہیں جو عقائد اہل سنت کے ہیں ۔

جبکہ فرقہ وہ ہے جو اہل سنت کے متفقہ اور اجماعی عقائد سے منحرف ہو جائے۔ جیسے کہ قرون اولیٰ میں روافض تھے جنہوں نے عقائد میں انحراف کا راستہ اپنایا اسی طرح خوارج، معتزلہ، قدریہ، جبریہ، مرجیہ نواصب وغیرہ۔ فرقہ فروعیات میں اختلاف سے نہیں بنتا بلکہ فرقہ عقائد میں اختلاف سے بنتا ہے۔ اور علماء تو اس بات سے واقف ہیں لیکن 100 ٪ عام لوگ اس کے بارے میں نہیں جانتے اسی لیے مسلک و مذھب اور فرقہ کو ایک ہی شمار کرتے ہیں اور دونوں کو یکساں قابل نفرت گردانتے ہیں۔

محمد إسحٰق قریشی ألسلطاني