مسجد قبلتین
مسجد قبلتین
محبت وعشق اور عقیدت و وفا کے مرکز شہر مدینہ طیبہ میں واقع ایک اور تاریخی مسجد کا نام مسجد قبلتین ہے۔ یہ مدینہ پاک کے محلہ بنو سلمہ میں واقع ہے۔ سال ۲ ہجری میں نماز کے دوران تحویل قبلہ کا حکم آیا اور امام القبلتین جد الحسنین سیدنا محمد مصطفٰی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور صحابہ کرام نے نماز کے دوران اپنا رخ بیت المقدس سے کعبے کی جانب پھیرا۔ کیونکہ ایک نماز دو مختلف قبلوں کی جانب رخ کر کے پڑھی گئی اس لیے اس مسجد کو “مسجد قبلتین”یعنی دو قبلوں والی مسجد کہا جاتا ہے۔ معروف کنواں “ بئر رومہ” بھی اس کے قریب ہی واقع ہے۔ عثمانی سلطان سلیمان اعظم نے 1543ء میں اس کی تعمیر نو کروائی تھی، اس کے بعد موجودہ سعودی شاہی خاندان کے شاہ فہد بن عبد العزیز آل سعود کے دور میں اس کے آخری توسیع کروائی گئی۔
اس نئی عمارت کی دو منزلیں ہیں جبکہ میناروں اور گنبدوں کی تعداد بھی دو، دو ہے۔ مسجد کا مجموعی رقبہ 3920 مربع میٹر ہے۔ حالیہ تعمیر نو پر 3 کروڑ 97 لاکھ ریال خرچ ہوئے۔
موجودہ قبلہ یعنی کعبہ شریف سے پہلے مسلمانوں کا قبلہ مسجد اقصٰی ہوا کرتا تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نماز پڑھا ہی رہے تھے کہ قرآن مجید کی یہ آیت نازل ہوئی:
قَدْ نَرَى تَقَلُّبَ وَجْهِكَ فِي السَّمَاءِ فَلَنُوَلِّيَنَّكَ قِبْلَةً تَرْضَاهَا فَوَلِّ وَجْهَكَ شَطْرَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَحَيْثُ مَا كُنْتُمْ فَوَلُّوا وُجُوهَكُمْ شَطْرَهُ وَإِنَّ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ لَيَعْلَمُونَ أَنَّهُ الْحَقُّ مِنْ رَبِّهِمْ وَمَا اللَّهُ بِغَافِلٍ عَمَّا يَعْمَلُونَ
ترجمہ: (اے حبیب مصطفٰی کریم ﷺ) ہم دیکھ رہے ہیں بار بار تمہارا آسمان کی طرف منہ کرنا ، تو ضرور ہم تمہیں پھیردیں گے اس قبلہ کی طرف جس میں تمہاری خوشی ہے ابھی اپنا منہ پھیر دو مسجد حرام کی طرف اور اے مسلمانو تم جہاں کہیں ہو اپنا منہ اسی کی طرف کرو ، اور وہ جنہیں کتاب ملی ہے ضرور جانتے ہیں کہ یہ ان کے رب کی طرف سے حق ہے ،اور اللہ ان کے کرتوت سے بے خبر نہیں۔
اسی آیت کے نازل ہونے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حالتِ نماز میں ہی چہرہ مبارک مسجد اقصیٰ سے مسجد حرام کی طرف پھیر لیا۔ اسی طرح نماز میں پیچھے کھڑے صحابہ نے بھی رسول کی طرح منہ مسجد اقصیٰ سے مسجد حرام پھیر لیا۔ یہیں وجہ ہے کہ اس مسجد کو مسجد قبلتین (دو قبلوں والی مسجد ) کہا جاتا ہے۔
اگر قسمت بلندی پر ہو اور آپ مدینہ منورہ حاضر ہوں تو اس مسجد کی زیارت بھی ضرور کریں۔ مسجد نبوی شریف سے دس پندرہ منٹ میں ٹیکسی آپ کو پہنچا دے گی۔ گراءونڈ فلور پر مسجد کے داخلی حصے میں وضو خانے کے ساتھ ایک چھوٹا سا باغیچہ ہے، جس میں کھجور کے درخت اور سبزہ بھی موجود ہے، مجھے شروع دن سے مسجد کے اس حصے کے ساتھ خاص محبت و انس ہے۔ اس مسجد میں بھی فرض نماز حسب وقت، نوافل اور تلاوت قرآن کریم کرنی چاہیے کہ یہ ان خاص مقدس مقامات میں سے ہے جہاں ہمارے آقا و مولا کریم ﷺ کی مقدس پیشانی نے اپنے انوار بخشے ہیں اور اس مسجد کی مٹی نے مصطفٰی کریم ﷺ کے قدمین شریفین کے بوسے لیے ہیں۔
افتخار الحسن رضوی
۲۰ شوال ۱۴۴۳
۲۱ مئی ۲۰۲۲