قانونی اختیارات کی تعلیم اور اس کا صحیح استعمال
اس وقت ہمارے ملک ہندوستان کے جو حالات ہیں وہ ہر کسی کے سامنے عیاں ہیں، ہر اس شخص کو قانون کے شکنجے میں کسا جارہا ہے جو اپنے قانونی اور شرعی حق کے لیے آواز اٹھا رہا ہے۔ ایسے نازک وقت میں ضرورت ہے کہ مسلمانان ہند کو ہندوستان کے “لا اینڈ آرڈر (Law and Order)” کی مکمل معلومات ہو، مثلاً: کون سا قانون کب نافذ ہوتا ہے اور کن معاملات میں نافذ ہوتا ہے، مسلم پرسنل لا ، مسلم شریعہ کا نفاذ کن معاملات میں ہوتا ہے، سپرم کورٹ، ہائی کورٹ، لوور کورٹ یہ سب کب کام آتے ہیں، ہمیں قانونی کاروائی اگر کرنا ہو تو سب سے پہلے ہمیں کیا کرنا ہوگا، وغیرہ وغیرہ۔
ایک ہندوستانی شہری ہونے کے ناطے ہمیں اپنے حقوق اور فرائض کو سمجھنا بہت ضروری ہوگیا ہے، بلکہ ہر قانونی نکتہ کا باریکی سے علم ہونا ضروری ہوگیا ہے، ساتھ ہی مسلم معاشرے کی تربیت بھی لازمی ہے، آپ کیا صحیح کرتے ہیں کیا غلط کرتے ہیں، قانون کس طرح آپ کو اپنے شکنجے میں لے سکتا ہے، اگر کوئی غلط طریقے سے آپ کو قانون کے نشانے پر لیلے تو آپ کو کیا کرنا چاہیے، اگر آپ کو قانونی کارروائی کرنا ہے تو کس طرح کریں، اس کا طریقہ کار کیا ہے، یہ سب جاننا آج کے اس پرفتن دور میں ہر ہندی مسلمان کے لیے ضروری ہوگیا ہے۔
ہمارا ملک ہندوستان چونکہ ایک جمہوری ملک ہے، اس لیے اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے تو اس کے لیے بھی قانون بنا ہوا ہے، خواہ وہ کوئی بھی ہو، لہذا ایسے وقت میں ڈرنا اور گھبرانا نہیں ہے، بلکہ آگے بڑھ کر اس کے خلاف قانونی ایکشن لینا ہے۔ اور اسی قانونی ایکشن کے لیے ملک کے ہر فرد کو ہر ہر قانون کے بارے میں علم ہونا ضروری ہے، بالخصوص یہ معلوم ہونا از حد ضروری ہے کہ ہمارے لیے کون کون سے قانونی اختیارات ہیں، اگر یہ معلومات ہوگی تو ہر فرد اپنے لیے، اپنی قوم کے لئے، مضبوطی سے لڑ سکیگا۔
لہذا یہ بہت ضروری ہوگیا ہے کہ ہمارے مسلم نوجوانوں کو قانون اور انصاف کے نظام کے بارے میں اس قدر تعلیم ضرور دی جائے جتنی اس کے لیے آج کے دور میں ضروری ہے۔ یعنی قانون کی اتنی تعلیم تو ضرور دی جاے، جس میں کم از کم مندرجہ ذیل بحثیں شامل ہوں:
* قانون کیوں ضروری ہے؟
* قانونی اختیارات کو کیسے استعمال کیا جائے؟
* اگر آپ قانون توڑتے ہیں تو کیا ہو سکتا ہے؟
* اگر کوئی آپ کو غلط قانونی طریقے سے پریشان کرے اس کے لیے کیا کرنا ہے؟
* ہمارے مذہب، ہمارے شعائر پر اگر کوئی بد زبانی کرے تو قانون ہمارے لیے کیا کرسکتا ہے، ہم کس طرح لوگوں پر قانون کے مطابق کاروائی کر سکتے ہیں؟
*قانون کیوں ضروری ہے؟*
قانون ایک ایسا نظام ہے جو معاشرے میں امن و امان اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ قانون تحفظ فراہم کرتا ہے کہ آپ اپنے حقوق کے لیے بے خوف و خطر لڑ سکتے ہیں، قانون ہی کی مدد سے معاشرے میں جرائم اور بدعنوانی کو کم یا ختم کیا جا سکتا ہے اور لوگوں کو انصاف دلایا جا سکتا ہے۔
*قانونی اختیارات کو کیسے استعمال کیا جائے؟*
قانونی اختیارات وہ حقوق اور فرائض ہیں جو قانون لوگوں کو دیتا ہے۔ ان اختیارات کو استعمال کرنے کے لیے لوگوں کو قانون کی سمجھ ہونا ضروری ہے۔مثلا:
• اگر آپ کے ساتھ کوئی ظلم و ذیادتی ہو تو آپ پولیس میں رپورٹ درج کر سکتے ہیں۔
• اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے حقوق کو پامال کیا جارہا ہے تو آپ عدالت میں مقدمہ دائر کر سکتے ہیں۔
• اگر آپ کو قانون کے بارے میں کوئی سوال ہے تو آپ وکیل سے مشورہ کر سکتے ہیں۔
*اگر آپ قانون توڑتے ہیں تو کیا ہو سکتا ہے؟*
اگر آپ قانون توڑتے ہیں تو آپ کو سزا ہو سکتی ہے۔ سزا کی نوعیت جرم کی سنگینی پر منحصر ہوتی ہے۔ کچھ عام سزاؤں میں جرمانہ، قید، اور دونوں شامل ہیں۔
*اگر کوئی آپ کو غلط قانونی طریقے سے پریشان کرے اس کے لیے کیا کرنا ہے؟*
اس کے لیے آپ مندرجہ ذیل کارروائیاں کرسکتے:
• آپ پولیس میں رپورٹ درج کر سکتے ہیں۔
• آپ انسانی حقوق کے ادارے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
• آپ وکیل سے مشورہ کر سکتے ہیں۔
*ہمارے مذہب، ہمارے شعائر پر اگر کوئی بد زبانی کرے تو قانون ہمارے لیے کیا کرسکتا ہے، ہم کس طرح لوگوں پر قانون کے مطابق کاروائی کر سکتے ہیں؟*
اگر کوئی آپ کے مذہب یا شعائر پر بد زبانی کرتا ہے تو آپ اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کر سکتے ہیں۔ قانون کے مطابق جو بھی دفعہ لگتی ہے اس کے تحت کسی کے مذہب یا عقائد کی توہین کرنا ایک جرم ہے۔ اس جرم کی سزا قید اور جرمانہ بھی ہو سکتی ہے۔
*گزارش:* قوم کے ذمہ دار اور با صلاحیت لوگ اس جانب لازمی توجہ فرمائیں، خود بھی قانونی حقوق کے بارے میں جانکاری حاصل کریں اور اپنی قوم کو بھی اس سے ضرور آشنا کرائیں۔
خیر اندیش
محمد اویس رضوی صدیقی
14ـ02ـ2024