فَبِاَىِّ حَدِيۡثٍۢ بَعۡدَهٗ يُؤۡمِنُوۡنَ – سورۃ نمبر 77 المرسلات آیت نمبر 50
sulemansubhani نے Wednesday، 16 October 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
فَبِاَىِّ حَدِيۡثٍۢ بَعۡدَهٗ يُؤۡمِنُوۡنَ ۞
ترجمہ:
اس ( قرآن) کے بعد وہ پھر کس چیز پر ایمان لائیں گے ؟ ؏
المرسلات : ٥٠ میں فرمایا : اس قرآن کے بعد وہ پھر کس چیز پر ایمان لائیں گے ؟۔
اس سورت کے شروع سے اس آیت تک اللہ تعالیٰ نے دس وجوہ سے کفار کو ایمان نہ لانے پر آخرت کے عذاب سے ڈرایا ہے اور ان کی مذمت کی ہے اور ان کو قرآن کی آیات میں اور کائنات میں بکھری ہوئی اللہ تعالیٰ کی نشانیوں پر غور و فکر کرنے کی ترغیب دی ہے، تو اللہ تعالیٰ نے کفار کے حال پر تعجب ظاہر فرمایا کہ اس قرآن کے بعد اور کوئی ہدایت کی کتاب آئے گی نہیں اور نہ اس نبی کے بعد اور کوئی ہدایت دینے والا نبی آئے گا تو پھر کفار کس بات کا انتظار کر رہے ہیں، وہ ایمان کیوں نہیں لے آتے ؟
سورۃ المرسلات کی تفسیر کا اختتام
الحمد للہ رب العلمین ! آج ١٦ جمادی الثانیہ ١٤٢٦ ھ/ ٢٤ جولائی ٢٠٠٥ ء بہ روز اتوار بعد از نماز عصر سورة المرسلات کی تفسیر ختم ہوگئی ١٧ جولائی کو اس سورت کی تفسیر شروع کی تھی، اس طرح ٧ روز میں اس کی تفسیر مکمل ہوگئی۔
اے میرے رب ! جس طرح آپ نے یہاں تک ٢٩ پاروں کی تفسیر مکمل کرا دی ہے، اسی طرح اپنے فضل و کرم سے آخری غم پارے کی تفسیر مکمل کرا دیں، میری صحت اور توانائی کو اور ایمان کے ساتھ اعمال صالحہ کو قائم رکھیں اور میری اور میرے والدین کی اور تمام قارئین کی مغفرت فرما دیں اور ایمان پر عزت اور کرامت کے ساتھ خاتمہ فرما دیں۔
واٰخر دعوانا ان الحمد للہ رب العلمین والصلوٰۃ والسلام علی سید المرسلین سیدنا محمد خاتم النبین شفیع المذنبین وعلیٰ و اصحابہ وازواجہ وذریاتہ وامتہ اجمعین۔
القرآن – سورۃ نمبر 77 المرسلات آیت نمبر 50