وَاِذَا قِيۡلَ لَهُمُ ارۡكَعُوۡا لَا يَرۡكَعُوۡنَ – سورۃ نمبر 77 المرسلات آیت نمبر 48
sulemansubhani نے Wednesday، 16 October 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَاِذَا قِيۡلَ لَهُمُ ارۡكَعُوۡا لَا يَرۡكَعُوۡنَ ۞
ترجمہ:
اور جب ان سے کہا جاتا ہے : نماز پڑھو تو وہ نماز نہیں پڑھتے۔
المرسلات : ٤٨ میں فرمایا : اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ نماز پڑھو تو وہ نماز نہیں پڑھتے۔
کفار کو نماز نہ پڑھنے پر عذاب سے ڈرانا
اس آیت میں کفار کو عذاب سے ڈرایا گیا ہے، گویا کہ ان سے کہا گیا : چلو مان لیا تم دنیا سے اور اس کے عیش سے محبت کرتے ہو لیکن اللہ تعالیٰ کی عبادت سے مکمل اعراض نہ کرو بلکہ اس کی عبادت کرتے رہو، اگر تم اللہ پر ایمان لے آئے اور اس کے احکام پر عمل کرتے رہے اور نماز پڑھتے رہے اور اس کے ساتھ دنیا کی لذتیں بھی حاصل کرتے رہے تو تمہاری مغفرت کی امید کی جاسکتی ہے، پھر یہ کفار ایسا نہیں کرتے تھے اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے لیے ہر تسلیم خم نہیں کرتے تھے اور اپنے جہل اور کفر پر اصرار کرتے تھے اور آپ کو دائمی عذاب کے لیے تیار رکھتے تھے۔
کفار کو نماز پڑھنے کا حکم دینے کی متعدد تفاسیر
علامہ ابو عبد اللہ محمد بن احمد مالکی قرطبی متوفی ٦٦٨ ھ لکھتے ہیں :
مقاتل نے کہا : یہ آیت ثقیف کے متعلق نازل ہوئی ہے، نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان سے فرمایا : اسلام لے آئو اور نماز پڑھو، انہوں نے کہا : ہم جھکیں گے نہیں یعنی رکوع نہیں کریں گے، یہ ہمارے لیے عیب ہے، آپ نے فرمایا : اس دین میں کوئی چیز نہیں ہے جس میں رکوع اور سجود نہ ہو۔ حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا : ان سے آخرت میں کہا جائے گا، نماز پڑھو، جب ان کو سجدہ کرنے کے لیے بلایا جائے گا تو وہ سجدہ نہیں کرسکیں گے۔
ایک قول یہ ہے کہ قیامت کے دن انہیں نماز پڑھنے کے لیے کہا جائے گا اور قیامت دار تکلیف نہیں ہے کہ ان کو کسی عبادات کا حکم دیا ہے اور اس کے نہ کرنے سے ان کو عذاب ہو، ان کو سجدہ کرنے کے لیے اس وجہ سے بلایا جائے گا کہ دنیا میں ان کی عبادت کرنے کا حال منکشف ہوجائے، پس جو شخص دنیا میں اللہ کے لیے سجدہ کرتا ہوگا وہ قیامت کے دن آسانی سے سجدہ کرے گا اور جو دنیا میں ریا کاری سے سجدہ کرتا ہوگا وہ قیامت کے دن سجدہ نہیں کرسکے گا اور اس کی کمر تختے کی طرح ہوجائے گی۔
اور ایک قول یہ ہے کہ ان سے کہا جائے : تواضح اور عاجزی کرو تو وہ تواضع نہیں کرسکیں گے اور یہ نماز اور غیر نماز ہر حالت میں عام ہے اور نماز کا ذکر اس لیے کیا گیا ہے کہ وہ توحید کے بعد تمام احکام شرعیہ کی اصل ہے۔
( الجامع الاحکام القرآن جز ١٩ ص ٢٦ دارالفکر، بیروت، ١٤١٥ ھ)
القرآن – سورۃ نمبر 77 المرسلات آیت نمبر 48