يٰۤاَيُّهَا الۡاِنۡسَانُ اِنَّكَ كَادِحٌ اِلٰى رَبِّكَ كَدۡحًا فَمُلٰقِيۡهِۚ سورۃ نمبر 84 الإنشقاق آیت نمبر 6
sulemansubhani نے Sunday، 13 July 2025 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
يٰۤاَيُّهَا الۡاِنۡسَانُ اِنَّكَ كَادِحٌ اِلٰى رَبِّكَ كَدۡحًا فَمُلٰقِيۡهِۚ ۞
ترجمہ:
اے انسان ! تو اپنے رب تک پہنچنے کے لیے بہت مشقت کر رہا ہے سو تو اس سے ملنے والا ہے
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : اے انسان ! تو اپنے رب تک پہنچنے کے لیے بہت مشقت کر رہا ہے سو تو اس سے ملنے والا ہے۔ سو جس شخص کا صحیفہ اعمال اس کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔ تو اس سے عنقریب بہت آسان حساب لیا جائے گا۔ اور وہ اپنے اہل کی طرف خوشی خوشی لوٹے گا۔ اور جس شخص کا صحیفہ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گا۔ تو وہ عنقریب اپنی موت کو طلب کرے گا۔ اور بھڑکتی ہوئی آگ میں پہنچے گا۔ بیشک وہ ( دنیا میں) اپنے اہل میں بہت خوش تھا۔ اس کا گمان تھا کہ وہ اللہ کی طرف نہیں لوٹے گا۔ کیوں نہیں ! بیشک اس کا رب اس کو خوب دیکھنے والا تھا۔ ( الانشقاق : ١٥۔ ٦)
” کا دح “ کا معنی اور آسان حساب کا معنی
اس آیت میں ” کا دح “ کا لفظ ہے، ” کا دح “ کا معنی ہے : کوشش کرنے والا اور جدوجہد کرنے والا، اس کے بعد فرمایا ہے :” الی ربک “ یعنی تو اپنے رب کی طرف بہت کوشش کرنے والا ہے، اس کا معنی ہے :
تو اپنے رب سے ملاقات کے لیے کوشش کر رہا ہے، اور اب سے ملاقات کا معنی ہے : مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہو کر اللہ تعالیٰ کے سامنے حاضر ہونا۔
اس کے بعد فرمایا : سو تو اس ملنے والا ہے یعنی تو اپنے رب کے حکم سے ملاقات کرنے والا ہے یعنی جب تو حساب کے لیے پیش ہوگا۔
تبیان القرآن سورۃ نمبر 84 الإنشقاق آیت نمبر 6