ثُمَّ رَدَدۡنٰهُ اَسۡفَلَ سَافِلِيۡنَۙ سورۃ نمبر 95 التين آیت نمبر 5
sulemansubhani نے Thursday، 13 November 2025 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
ثُمَّ رَدَدۡنٰهُ اَسۡفَلَ سَافِلِيۡنَۙ ۞
ترجمہ:
پھر ہم نے اس کو سب سے نچلے طبقہ میں لوٹا دیا
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : پھر ہم نے اس کو سب سے نچلے طبقہ میں لٹوا دیا۔ سوا ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک اعمال کئے، سو ان کے لئے کبھی ختم نہ ہونے والا اجر ہے۔ سو کون ہے جو اس کے بعد قیامت کے متعلق آپ کی تکذیب کرے۔ کیا اللہ تمام حاکموں سے بڑا حاکم نہیں ہے۔ (التین : ٨-٥)
مئومنین کاملین کا ارذل عمر سے محفوظ رہنا
سب سے نچلے طبقہ میں لوٹانے کے حسب ذیل محامل ہیں :
(١) سب سے نچلے طبقہ سے مراد دو خ ہے، یعنی کافر کو ہم نے دوزخ میں لوٹا دیا اور مئومن کو جنت کی طرف لوٹا دیا جیسا کہ دوسری آیت کے استناء سے ظاہر ہے۔
(٢) کافر کو ہم نے اس کے اختیا رکئے ہوئے سب سے نچلے افعال اور اعمال کی طرف لوٹا دیا، جو شرک اور کفر ہیں اور مئومن کو ہم نے اس کے اختیار سے کئے ہوئے سب سے بلند اور بالا اعمال کی طرف لوٹا دیا، جو توحید و رسالت پر ایمان اور اعمال صالحہ ہیں۔
(٣) انسان کو ہم نے ارذل عمر کی طرف لوٹا دیا، جب اس کی قویٰ کم زور اور حواس معطل ہوجاتے ہیں۔
تبیان القرآن سورۃ نمبر 95 التين آیت نمبر 5