وَاَخۡرَجَتِ الۡاَرۡضُ اَثۡقَالَهَا – سورۃ نمبر 99 الزلزلة آیت نمبر 2
sulemansubhani نے Saturday، 27 December 2025 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَاَخۡرَجَتِ الۡاَرۡضُ اَثۡقَالَهَا ۞
ترجمہ:
اور زمین اپنا تمام بوجھ باہر نکال دے گی
زمین کا اپنا بوجھ باہر نکالنا
الزلزال : ٢ میں فرمایا : اور زمین اپنا تمام بوجھ باہر نکال دے گی۔ اس کی تفسیر میں یہ آیتیں ہیں :
(الانشقاق : ٤-٣) اور جب زمین پھیلا دی جائے گی۔ اور اس کے اندر جو کچھ ہے، اس کو باہر نکال دے گی اور خالی رہ جائے گی۔
زمین میں جو سر بلند پہاڑ ہیں، ان سب کو ریزہ ریزہ کر کے زمین کو صاف اور ہم وار کردیا جائے گا اور اس میں کوئی اونچ نیچ نہیں رہے گی، زمین میں جو مردے دفن ہیں، وہ سب زادہ ہو کر باہر نکل ائٓیں گے اور زمین میں جو خزانے ہیں، ان کو باہر نکال کر خالی ہوجائے گی۔
حضرت ابوہریرہ (رض) بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : سونے چاندی کے ستونوں کی مثل زمین اپنے جگر کے ٹکڑے اگل دے گی، قاتل ان کو دیکھ کر کہے گا : ان ہی کی وجہ سے میں نے قتل کیا تھا، رشتے توڑنے والا کہے گا : ان ہی کی وجہ سے میں نے رشتے توڑے تھے، چور ان کو دیکھ کر کہے گا : ان ہی کی وجہ سے میرا ہاتھ کاٹا گیا تھا، پھر سب اس مال کو چھوڑ دیں گے اور کوئی اس میں سے کچھ نہیں لے گا۔ (صحیح مسلم رقم الحدیث : ١٠١٣ (سنن ترمذی رقم الحدیث : ٢٢٠٨)
القرآن – سورۃ نمبر 99 الزلزلة آیت نمبر 2