حدیث نمبر :320

روایت ہے حضرت سلمان رضی اللہ عنہ سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ ہم کورسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا کہ ہم پیشاب پاخانہ کے وقت قبلہ کو منہ کریں یا داہنے ہاتھ سے استنجاءکریں یا تین پتھروں سے کم سے استنجاء کریں ۲؎ یا گوبر یا ہڈی سے استنجاء کریں ۳؎ (مسلم)

شرح

۱؎ آپ کی کنیت ابوعبداللہ ہے،ایران کے شہر اصفہان کے مضافات میں بستی”ہاجن”کے رہنے والے تھے،دین کی تلاش میں پھرتے تھے،۱۴ جگہ فروخت ہوئے،یہاں تک کہ جوئندہ یا بندہ حضور تک مدینہ میں پہنچ گئے۔ساڑھے تین سو ۳۵۰ سال عمر پائی،حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے تابعی اور حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی ہیں، ۵۳ھ؁ مقام مدائن میں وفات پائی۔(مرقاۃ)بعض مورّخین نے لکھا ہے کہ عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں سے آپ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف کریمہ سنے تو آپ کی تلاش میں نکلے۔

۲؎ خیال رہے کہ قبلہ کو منہ کرکے پیشاب پاخانہ کرنا مکروہ تحریمہ ہے،داہنے ہاتھ سے چھوٹا یا بڑا استنجاء مکروہ تنزیہی،اورتین ڈھیلے بڑے استنجے کے لیے عام حالات میں مستحب ہے،اگر اس سے کم و بیش میں صفائی ہو تو کرلے۔یہی مذہب حنفی ہے،امام شافعی کے یہاں تین ڈھیلے واجب ہیں۔

۳؎ کیونکہ ہڈی جنات کی غذا ہے اور گوبر ان کے جانوروں کی،نیزگوبرخودنجس ہے،تو اس سے پاکی کیسے حاصل ہو گی اور ہڈی کہیں نوکیلی کہیں چکنی ہوتی ہے،چکنی طرف سے صفائی نہ ہوگی نوک کی طرف سے زخم کا اندیشہ ہے۔