الفصل الثانی

دوسری فصل

حدیث نمبر :487

روایت ہے حضرت ابوبکرہ سے ۱؎ وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے راوی کہ حضور نے مسافر کو تین دن و رات کو اورمقیم کو ایک دن و رات تک موزوں پر مسح کی اجازت دی جب کہ پاک ہو کر پہنے ہوں ۲؎ اثرم نے اپنی سنن میں اور ابن خزیمہ اور دار قطنی نے۔اور خطابی کہتے ہیں کہ یہ حدیث صحیح الاسناد ہے یوں ہی منتقی میں ہے۳؎

شرح

۱؎ آپ کا نام شریف نفیع ہے،ثقفی ہیں،مشہورصحابی ہیں،غزوۂ طائف میں ایمان لائے،آخرعمرشریف میں بصرہ میں قیام رہا، ۴۹ھ؁ میں وہیں وفات پائی۔

۲؎ اس کی پوری شرح اور اس سے مسائل کا استنباط پہلےگزر چکا۔عام علماء کا یہی قول ہے کہ مسافر تین دن سے زیادہ اور مقیم ایک دن سے زیادہ مسح نہیں کرسکتے۔ہاں حنفیوں کے نزدیک یہ مدت حدث کی وقت سے شروع ہوگی۔

۳؎ منتقی ابن تیمیہ حنبلی کی کتاب ہے۔(مرقاۃ)شیخ فرماتے ہیں کہ یہ خطابی کی تصنیف ہے۔