الفصل الثانی

دوسری فصل

حدیث نمبر :604

روایت ہے حضرت ابن عمر سے فرماتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں اذان دو دو بار تھی اور تکبیر ایک بارسواء اس کے کہ مؤذن کہتا تھا قد قامت الصلوۃ قد قامت الصلوۃ ۱؎ (ابوداؤد،نسائی،دارمی)

شرح

۱؎ یعنی کلمات اذان دوبارکہے جاتے تھے اوراقامت کے کلمات ایک ایک بار۔خیال رہے کہ یہ حدیث اگر صحیح ہوتو یامنسوخ ہے یا اس کی تاویل واجب۔مخالفین اس سے اپنا مدعا ہرگز ثابت نہیں کرسکتے کیونکہ وہ اذان کی دونوں شہادتوں میں ترجیع کے قائل ہیں جس سے یہ دونوں کلمے چارچاربارکہے جاتے ہیں۔اور یہاں آیا کہ اذان کے سارے کلمے دو دوبارکہے جاتے تھے،نیز وہ حضرات اقامت میں اولًاتکبیرچارباراورآخر میں دوبارکہتے ہیں مگر یہاں آیا کہ اقامت کے سارے کلمے ایک ایک بار ہیں،نیز اگرتکبیرکے کلمات ایک ایک بارہوتے تو صحابہ کرام حضورکے بعدیہ عمل چھوڑ نہ دیتے۔بیہقی شریف میں ہے کہ حضرت علی مرتضیٰ نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ اقامت ایک ایک بارکہہ رہا ہے،آپ ناراض ہوئے اورفرمایا”اِجْعَلْھَا مَثْنٰی مَثْنٰی لَا اُمَّ لَكَ”یعنی تیری ماں مرے دو دو بار کہہ،اب دو ہی صورتیں ہیں:یا اس حدیث کو منسوخ مانو جس کی ناسخ اگلی حدیث ہےیا اس میں یہ تاویل کی جائے کہ یہ دائمی عمل نہ تھا بلکہ کبھی کسی عارضہ کی بناءپرہواتھایا اذان اوراقامت کے لغوی معنی مراد لئے جائیں جیسے پہلے عرض کیاجاچکاہے۔