سوال:

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ خواجہ غلام فرید علیہ الرحمہ نے چاچڑاں کو مدینہ کہا ھے

چاچڑ وانگ مدینہ جاتم

اتے کوٹ مٹھن بیت اﷲ

تو کیا ایسی تشبیہ شرعادرست ھے یانہیں؟

جواب:

اللہ تعالی نے قرآن پاک میں جس وادی میں موسی علیہ السلام کا گذرہوا اسے مقدس وادی فرمایا

،، انک بالواد المقدس طوی ،،

(بے شک آپ مقدس وادی طوی میں ہیں)

اور وادی تیہ کو ارض مقدسہ کہاگیا

،، یا قوم ادخلوا الارض المقدسة التی ،،

اے میری قوم تیہ کی مقدس سرزمین میں داخل ہوجاؤ

جہاں اللہ والوں کی سکونت ہو وہ جگہ مقدس ہوجاتی ھے اور سو انسانوں کے قاتل کی توبہ بھی اسی مقدس بستی کی طرف سفر کے ارادے کی وجہ سے قبول ہوتی ھے

نیز ایسا صرف خواجہ غلام فرید علیہ الرحمہ نے تو نہیں کہاھے بلکہ نامور اکابر شعراء نے اپنی شاعری میں اس کی مثل کلام فرمایا ھے اورشاعری میں ایسی مبالغہ آرائی چلتی رہتی ھے جو کہ قابل تاویل اور قابل عفو و درگذر ھے نیز یہ بھی یاد رکھیں کہ تشبیہ میں من کل الوجوہ برابری مقصود ہی نہیں ہوتی تو اعتراض کی گنجائش ہی نہیں ھے ۔

غوث العالمین حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی علیہ الرحمہ نے شہر ملتان کو جنت الفردوس اور فرشتوں کی سجدہ گاہ قرار دیا ھے

ملتان ما بہ جنت اعلی برابر است

آھستہ پابنہ کہ ملک سجدہ میکنند

ھمارا ملتان تو جنت رضوان کے برابرھے، یہاں قدم بھی آھستہ رکھو کہ فرشتے سجدہ کناں ہیں

یوں ہی بعض صوفیاء نے تو کوئے یار کو کعبہ،سجدہ گاہ،عید گاہ، جنت الفردوس وغیرہ بھی کہاھے

حضرت امیرخسرو علیہ الرحمہ فرماتے ہیں

عید گاہ ما غریباں کوئے تو

انبساط عید دیدن روئے تو

صد ھزاراں عید قربانت کنم

اے ھلال ما خم ابروئے تو

کعبہ من قبلہ من روئے تو

سجدہ گاہ عاشقاں ابروئے تو

(اے محبوب: ھم شکستہ دلوں کی عید گاہ (خوشی کی جگہ) تو آپ کا کوچہ ھے، عید کی خوشی تو آپ کے چہرے کی جھلک کا نام ھے، اے ھمارے چاند اس جیسی ھزاروں عیدیں آپ کے خم ابرو پر قربان، میرا مرکز و محور تو آپ کا چہرہ ھے، عشاق کی سجدہ گاہ آپ کے ابرو ہیں۔

حافظ شیرازی علیہ الرحمہ تو پھر حافظ شیرازی ہی ٹھہرے جو کوچہ جاناں کو جنت الفردوس سے بھی زیادہ فوقیت دیتے ہیں

باغ بہشت وسایہ طوبی وقصر وحور

باخاک کوئے دوست___ برابر نمےکنم

باغ بہشت،طوبی کاسایہ،قصر اور جنت کی حوریں۔ میں تو ان سب چیزوں کو اپنے محبوب کے کوچے کی خاک کے برابر بھی نہیں سمجھتا۔

واللہ اعلم

محمد عرفان الحق نقشبندی

دار العلوم حنفیہ رضویہ

سیمنٹ فیکٹری ڈیرہ غازیخان

03007824224

03457132487