حدیث نمبر :724

روایت ہے حضر ت ابو ہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب تم میں سے کوئی نماز پڑھے تو اپنے جوتے نہ اپنی دائیں طرف رکھے نہ بائیں طرف ورنہ دوسرے کے دائیں طرف ہوجائیں گے مگر یہ کہ اس کے بائیں طرف کوئی نہ ہو ۱؎ انہیں دونوں پاؤں کے بیچ میں رکھے اور ایک روایت میں ہے کہ یا ان میں ہی نماز پڑھ لے۲؎ (ابوداؤد)ابن ماجہ نے اس کے معنی روایت کئے۔

شرح

۱؎ چونکہ داہنی طرف رحمت کا فرشتہ ہے جو ہماری نیکیاں لکھتا ہے اورنماز میں وہ اپنا کام کررہا ہے لہذا اس کا ادب کرتے ہوئے نہ ادھرتھوکے نہ جوتے رکھے،ہاں اگر داہنی جانب دور جوتے رکھے ہوں توکوئی حرج نہیں۔

۲؎ اگر پاک اور نرم ہوں۔خیال رہے کہ جوتے میں نماز اورجوتے پرنماز پڑھنے میں فرق ہے،اگر تلے گندگی ہو اور اسے اتارکر اس کے اوپرکھڑے ہوکرنماز پڑھ لے توجائز ہے کہ اب جوتا لباس نہیں بلکہ نماز کی جگہ ہے جس کے اوپرنجاست نہ ہونا کافی ہے جیسے لکڑی کا موٹا تختہ جس کی نچلی سطح ناپاک ہو۔