فَمَنۡ تَابَ مِنۡۢ بَعْدِ ظُلْمِہٖ وَاَصْلَحَ فَاِنَّ اللہَ یَتُوۡبُ عَلَیۡہِ ؕ اِنَّ اللہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ ﴿۳۹﴾

ترجمۂ کنزالایمان: تو جو اپنے ظلم کے بعد توبہ کرے اور سنور جائے تو اللہ اپنی مہر سے اس پر رجوع فرمائے گا بیشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔

ترجمۂ کنزُالعِرفان: تو جو اپنے ظلم کے بعد توبہ کرلے اور اپنی اصلاح کرلے تو اللہ اپنی مہربانی سے اس پر رجوع فرمائے گا۔ بیشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔

{ فَمَنۡ تَابَ: تو جو توبہ کرلے۔} توبہ نہایت نفیس شے ہے ۔ کتنا ہی بڑا گناہ ہو اگر اس سے توبہ کرلی جائے تو اللہ تعالیٰ اپنا حق معاف فرما دیتا ہے اور تو بہ کرنے والے کو عذابِ آخرت سے نجات دے دیتا ہے لیکن یہ یاد رہے کہ جس گناہ میں کسی بندے کا حق بھی شامل ہووہاں توبہ کیلئے ضروری ہے کہ اس بندے کے حق کی ادائیگی بھی ہوجائے۔