اَلَمْ تَعْلَمْ اَنَّ اللہَ لَہٗ مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرْضِ ؕ یُعَذِّبُ مَنۡ یَّشَآءُ وَیَغْفِرُ لِمَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَاللہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ﴿۴۰﴾

ترجمۂ کنزالایمان: کیا تجھے معلوم نہیں کہ اللہ کے لئے ہے آسمانوں اور زمین کی بادشاہی سزا دیتا ہے جسے چاہے اور بخشتا ہے جسے چاہے اور اللہ سب کچھ کرسکتا ہے۔

ترجمۂ کنزُالعِرفان: کیا تجھے معلوم نہیں کہ آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اللہ ہی کے لئے ہے۔ وہ جسے چاہتا ہے سزا دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے بخش دیتا ہے اور اللہ ہر شے پر قادرہے۔

{ یُعَذِّبُ مَنۡ یَّشَآءُ: جسے چاہے سزا دیتا ہے۔} اس آیت سے معلوم ہوا کہ عذاب کرنا اور رحمت فرمانا اللہ تعالیٰ کی مَشِیَّت پر ہے ،وہ مالک ہے جو چاہے کرے کسی کو اعتراض کرنے کی مجال نہیں۔اس سے قَدرِیَہ( یعنی تقدیر کے منکر) اور معتزلہ فرقے کا رد ہوگیا جونیک پر رحمت اور گناہگار پر عذاب کرنا اللہ تعالیٰ پر واجب کہتے ہیں کیونکہ واجب ہونا مشیت کے منافی ہے۔

(خازن، المائدۃ، تحت الآیۃ: ۴۰، ۱/۴۹۴)