پادری یولوجیوس کی تحریک

تحریر: محمد اسمٰعیل بدایونی

اندلس میں ایک پادر ی تھا، پادری یولوجیوس ۔یہ بھی شیطان کا بہکایا ہوا پادری تھا۔

اس نے کیاکیا تھا ؟ عبد اللہ نے پوچھا ۔

اصل میں اسپین پر پہلے گاتھک حکومت کیا کرتے تھے، وہ عیسائی ہو گئے ۔ تم نے شاید ’’سنہری اندلس‘‘ میں پڑھا ہو گا۔ پھر انہوں نے عیسائی مذہب قبول کرلیا لیکن کیونکہ وہ وحی الہٰی کی روشنی سےدور ہو چکے تھے ۔۔۔آسمانی کتابوں تورءت زبور اور انجیل میں ان کے پادریوں نے کچھ نکال دیا اور کچھ اپنے پاس سے ڈال دیا۔ یوں وہ آسمانی کتابیں بھی اب اپنی اصلی شکل میں موجود نہیں تھیں ۔۔۔بادشاہ اور پادری مل کر لوگوں پر ظلم کرتے تھے ۔

مسلمان سپہ سالا ر طارق بن زیاد نے اندلس کو فتح کیااور وہاں کے لوگوں کو ان ظالم بادشاہوں سے نجات دلائی ۔

اس کے بعد وہاں کے پادری اس غم میں مبتلا ہو گئے کہ انہیں جو عیاشیاں میسر تھیں، وہ ختم ہو گئیں اور پھر انھوں نے اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کی دشمنی میں ہر حد توڑ دی ۔۔۔۔پادری یولوجیوس اس میں سب سے آگے آگے تھا ۔

مس !یہ پادری یولوجیوس تھا کون ؟ جنید نے پوچھا ۔

یولوجیوس اُندلس کاعیسائی پادری تھااور ایک عیسائی مذہبی خاندان سے تعلق رکھتا تھا ۔

اس کو جس قدر عیسائیت سے محبت تھی، اُس سے کہیں زیادہ وہ اسلام اور پیغمبرِ اسلامﷺسے عداوت رکھتا تھا۔ مذہبی عصبیت اُسے ورثہ میں ملی تھی ۔

یولوجیوس کے داداکانام بھی یولوجیوس تھا۔جب قرطبہ کی مسجد سے اذان کی صدابلند ہوتی تو یولوجیوس کا دادا یولوجیوس اپنے سینے پر صلیب کا نشان بناتا اور کہتا: اے خدا!اے خدا! چین نہ لے ،کیونکہ دیکھ تیرے دشمن اودھم مچاتے ہیں ۔

یولوجیوس کا پورا خاندان اسلام دشمنی میں مشہور تھا۔ اس کے باوجود یولوجیوس کا سب سے چھوٹا بھائی جوزف اسلامی حکومت کاملازم تھا۔

یولوجیوس کی بڑی خواہش تھی کہ مسلمانوں کی آمد سے پہلے اُندلس میں جس طرح ان کااثرورسوخ تھا، وہ دوبارہ آجائے ۔مگر مسلمانوں کی رواداری اور مذہبی رسوم کی ادائیگی میں جو رعایتیں حاصل تھیں، اُن کی وجہ سے وہ عام عیسائیوں کو اسلامی حکومت کے خلاف بھڑکانہیں سکتے تھے۔

اب یولوجیوس نے ایک نئی کہانی گھڑی کہ مذہب کی اصل روح ریاضت اور مشقت میں ہے۔

لہذاجسم کو تکلیف پہنچاؤ تاکہ روح کا تزکیہ ہوسکے اور گناہوں کی بھی تلافی ہوسکے۔

یولوجیوس قرطبہ کے عیسائیوں میں اپنی ریاضت اور عبادت کی وجہ سے مشہور تھا ۔ اس لیے اس کی اس دعوت پر چند عیسائی نوجوان تیار ہوگئے۔

لیکن اپنے جسم کو کس طرح تکلیف دیں؟نوجوانوں نے اس پادری یولوجیوس سے پوچھا۔

یولوجیوس نے اُنہیں بتایا کہ حکمرانوں کو مشتعل کرکے اپنے جسم کو تکلیفیں پہنچاؤ تو روح کو سکون ملے گا۔

اب روح کو پاک کرنے اور جسم کو تکلیفیں پہنچانے کے لیے ان چند بے وقوف نوجوانوں نے یولوجیوس کے بھڑکانے پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام ﷺکی شان میں گستاخی شروع کردی ۔

کچھ عیسائی پادریوں نے انہیں سمجھایا بھی کہ مسلمان اپنی لاکھ رواداری کے باوجود اپنے آقا کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ لیکن یولوجیوس اپنی تحریک چلاتارہا۔

یہ تحریک کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتی اگر اس میں ایک حسین دوشیزہ فلورا اور ایک دولت مند نوجوان الوارو (Alvaro)شامل نہ ہوتے ۔

مس! یہ فلورا اور الوارو کون تھے؟فیضان نے تجسس کے ساتھ پوچھا۔

اب باقی آگے کا قصہ کل ،ان شاء اللہ

تربیت آپ کے بچوں کی بنیادی ضرورت ہے سنہری فہم القرآن اور سنہری صحاح ستہ اس ضرورت کو پوری کرتی ہے آج ہی یہ کتابیں منگوائیے

فری ہوم ڈیلیوری ابھی آرڈر کیجیے03082462723 فہیم بھائی