آج اپنا بچاؤ کرلیں

🌹إِنَّ الَّذِينَ يُلْحِدُونَ فِي آيَاتِنَا لَا يَخْفَوْنَ عَلَيْنَا ۗ أَفَمَن يُلْقَىٰ فِي النَّارِ خَيْرٌ أَم مَّن يَأْتِي آمِنًا يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۚ اعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ ۖ إِنَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِيرٌ.

( سورة فصلت 40)

✒️ الحاد کا مطلب ہے۔۔ درستگی سے ہٹ جانا ، حق سے پھر جانا ۔ پرانے دنوں میں میت کو دفنانے کے لیئے قبر کو قبلہ طرف سے کھود کر جگہ بنائی جاتی تھی اسے اسی لیئے لحد کہا جاتا تھا۔

آیات سے یہاں آیات قرآنیہ مراد ہیں تاہم جس شی کو دیکھ کر اللّٰہ کی یاد آ جائے وہ اللہ کی آیت ( نشانی ، علامت ) ہے ۔

اللّٰہ تبارک وتعالیٰ کی جملہ آیات میں سے کسی آیت کو اس کے اصل مفہوم سے ہٹانا ، اس کا استخفاف و استہزاء ، اس کے مخالف معمولات سبھی الحاد میں داخل ہے ۔ بے دینی یا دین کا مزاح اڑانا بھی الحاد کہلاتا ہے ۔

الحاد کسی بھی طرح کا ہو اس کی سزا بتائی

🌹إِنَّ الَّذِينَ يُلْحِدُونَ فِي آيَاتِنَا لَا يَخْفَوْنَ عَلَيْنَا ۗ

🌷 بلاشبہ بات ہے کہ جو بھی ہماری آیات میں الحاد کرتے ہیں وہ ہم سے پوشیدہ نہیں ۔ ان کی ہر بات ، ہر حرکت ، ہر منافقت اور دو نمبری ہمارے علم میں ہے اور قدرت کے تحت۔ سو ہم ضرور انہیں ان کے تمام دین مخالف اقدامات کی پاداش میں جہنم میں پھینکیں گے ۔

✒️ مخاطبین و قارئین کو مزید جھنجھوڑنے کے لیئے سوالیہ انداز اختیار کر کے دعوت فیصلہ دی ۔

أَفَمَن يُلْقَىٰ فِي النَّارِ خَيْرٌ أَم مَّن يَأْتِي آمِنًا يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۚ

🌷ذرا یہ تو بتاؤ کہ بروز قیامت جسے زور زبردستی پکڑ دھکڑ کے جہنم میں پھینکا جائے گا وہ اچھا ہے یا جو اپنی مرضی سے بڑے امن کے ساتھ اپنے قدموں پر چل کر آئے وہ ؟ ۔

✒️ سبحان اللہ العظیم ۔ یہاں دیندار کے بے دین و ملحد سے بہت بلند مرتبہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہ بھی سکھایا کہ اچھوں کے لیئے میں رب اپنے کلام کے اسلوب کو اچھا کر رہا ہوں تو میرے بندو ! تمھیں یہ لحاظ بدرجہ اولیٰ ہونا ضروری ہے۔

اب آخر میں وارننگ دے دی

🌹 اعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ ۖ إِنَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِيرٌ.

🌷اس وقت تم اپنی مشیت و مرضی سے جو کرو سو کرتے پھرو ۔ لیکن اس امر میں کوئی شک نہ ہو کہ تم جو کچھ بھی کرتے پھرو اس سب سے میں بخوبی واقف و خبردار ہوں ۔

✒️ اس آیت میں دین پر عمل پیرا لوگوں کے لیئے سامان تسلی بھی ہے کہ وہ اس دنیا میں اپنے رب کے ہاں بہترین ہیں اور آخرت میں مامون و معزز ۔

اور یہ کہ ان کے اعمال کی دنیا میں کوئی قدر و وقعت ہو یا نہ ہو وہ اللہ کی نگاہ قدرت میں ہیں اور اجر و ثواب سے محروم نہیں رہیں گے ۔

🤲 فقیر خالد محمود

27 رمضان المبارک 1442

10 مئی 2021