لِكُلِّ نَبَاٍ مُّسْتَقَرٌّ٘-وَّ سَوْفَ تَعْلَمُوْنَ(۶۷)

ترجمۂ کنزالایمان: ہر خبر کا ایک وقت مقرر ہے اور عنقریب جان جاؤ گے۔

ترجمۂ کنزُالعِرفان: ہر خبر کے لئے ایک وقت مقرر ہے اور عنقریب تم جان جاؤ گے۔

{ لِكُلِّ نَبَاٍ مُّسْتَقَرٌّ: ہر خبر کے لئے ایک وقت مقرر ہے۔} یعنی اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں جو خبریں دیں اُن کے لئے وقت معین ہیں ،ان کا وقوع کسی تاخیر کے بغیر ٹھیک اسی وقت ہوگا اور عنقریب تم دنیا و آخرت میں ان خبروں کے درست ہونے کو جان لو گے۔(خازن، الانعام، تحت الآیۃ: ۶۷، ۲ / ۲۵)

گناہوں پر اصرار نہ کیا جائے:

اس سے معلوم ہو اکہ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجیدمیں کافروں اور گناہگاروں کے لئے عذابات کی جو خبریں دی ہیں ان کا اپنے وقت پرواقع ہونا یقینی ہے ،یہ اعلان سننے کے بعد بھی کفر پر اڑے رہنا اور گناہوں میں مشغول رہنا حد درجہ کی حماقت ہے لہٰذا ہر انسان کو چاہئے کہ وہ عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کفر اور گناہوں پر اصرار کرنا چھوڑ دے اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سچی توبہ کر کے اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر خود کو ہلاکت سے بچا لے۔ حضرت عبداللہ بن عمرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے، حضورِ اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’ (گناہوں پر) اصرار کرنے والے ان لوگوں کے لئے ہلاکت ہے جو اپنے گناہوں پر قائم ہیں (اور اس کے باوجود وہ توبہ و استغفار نہیں کرتے) حالانکہ وہ جانتے ہیں (کہ ان کافعل گناہ ہے ۔)(شعب الایمان، السابع والاربعون من شعب الایمان۔۔۔ الخ، فصل فی الطبع علی القلب، ۵ / ۴۴۹، الحدیث: ۷۲۳۶)