أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَّاَنَّا لَمَسۡنَا السَّمَآءَ فَوَجَدۡنٰهَا مُلِئَتۡ حَرَسًا شَدِيۡدًا وَّشُهُبًا ۞

ترجمہ:

اور ہم نے آسمان کی ( کی خبر کو) طلب کیا تو ہم نے دیکھا کہ وہ سخت محافظوں اور آگ کے گولوں سے بھرا ہوا ہے

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : اور ہم نے آسمان ( کی خبر) کو طلب کیا تو ہم نے دیکھا کہ وہ سخت محافظوں اور آگ کے گولوں سے بھرا ہوا ہے۔ اور ہم اس سے پہلے فرشتوں کی باتیں سننے کے لیے گھات لگا کر بیٹھ جاتے تھے، سو اب جو سننے کی کوشش کرتا ہے تو وہ اپنے عقب میں آگ کا شعلہ تیار پاتا ہے اور ہمیں معلوم نہیں کہ ( اس سے) زمین والوں کے ساتھ کسی برائی کا ارادہ کیا گیا ہے یا ان کے رب نے ان کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کیا ہے۔ اور بیشک ہم میں سے چند نیک ہیں اور کچھ اس کے خلاف ہیں اور ہم مختلف فرقوں میں بنے ہوئے ہیں۔ اور ہم نے یہ یقین کرلیا ہے کہ ہم ہرگز اللہ کو زمین میں عاجز نہیں کرسکتے اور نہ ہرگز اس سے بھاگ سکتے ہیں۔ اور بیشک ہم نے جیسے ہی ہدایت کی بات سنی تو ہم اس پر ایمان لے آئے، سو جو بھی اپنے رب پر ایمان لائے گا وہ نہ کسی خیر میں کمی پائے گا نہ کسی شر میں اضافہ۔ اور بیشک ہم میں سے چند اطاعت گزار ہیں اور کچھ سرکش ہیں، سو جنہوں نے اطاعت کی انہوں نے ہدایت کار استہ اختیار کرلیا۔ اور ہے سرکش تو وہدوزخ کا ایندھن ہیں۔ اگر وہ راہ راست پر رہتے تو ہم انہیں کثیر پانی سے سیراب کرتے۔ تاکہ اس میں ہم ان کی آزمائش کریں، اور جو اپنے رب کے ذکر سے اعراض کرے گا تو وہ اس کو چڑھتے ہوئے سخت عذاب میں داخل کر دے گا۔ اور بیشک مساجد اللہ ( کی عبادت) کے لیے ہیں تو اس کے ساتھ کسی کی عبادت نہ کرو۔ اور جب اللہ کا بندہ اس کی عبادت کے لیے کھڑا ہوا تو قریب تھا کہ وہ جتھا بن کر اس پر پل پڑتے ( الجن : ١٩۔ ٨)

جنات سے فرشتوں کی باتوں کو محفوظ رکھنا

الجن : ٨ میں ہے : ” وانا لمسنا المساء “ اس کا معنی ہے : جنات نے کہا : ہم نے آسمان کو خبر طلب کیا تو ہم نے دیکھا کہ وہ سخت محافظوں اور آگ کے گولوں سے بھرا ہوا ہے۔ یعنی جب جنات چوری چھپے فرشتوں کی باتیں سننے کے لیے آسمان کے قریب جاتے تھے تاکہ ان کو معلوم ہو کہ مستقبل میں کیا ہونے والا ہے، تو فرشتے ان پر آگ کے گولے برساکر ان کو آسمان سے دور بھگا دیتے تھے، اس مسئلہ کی مکمل بحث ہم الملک : ٥ میں بیان کرچکے ہیں۔

تبیان القرآن سورۃ نمبر 72 الجن آیت نمبر 8