بَلِ الۡاِنۡسَانُ عَلٰى نَفۡسِهٖ بَصِيۡرَةٌ – سورۃ نمبر 75 القيامة آیت نمبر 14
sulemansubhani نے Sunday، 15 September 2024 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
بَلِ الۡاِنۡسَانُ عَلٰى نَفۡسِهٖ بَصِيۡرَةٌ ۞
ترجمہ:
بلکہ انسان کو خود اپنے اوپر بصیرت ہوگی.
القیامیہ : ١٤ میں فرمایا : بلکہ انسان کو خود اپنے اوپر بصیرت ہوگی۔
انسان کی اپنے اوپر بصیرت کے دو محمل
اس سے پہلی آیت میں فرمایا تھا : اس دن انسان کو اس کے تمام اگلے اور پچھلے کاموں کی خبردی جائے گی اور اس آیت میں گویا ترقی کرے کے فرمایا : بلکہ اس کو یہ ضروت نہیں ہوگی کہ کوئی اور اس کو خبر دے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا نفس خود مشاہدہ کر رہا ہوگا کہ وہ خود ان افعال کا فاعل ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : اس کو خود اپنے اوپر بصیرت ہوگی، اس کے دو محمل ہیں :
(١) انسان اپنی بداہت سے جانتا ہوگا کہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور اس کی عبادت کرنے سے اس کا قرب حاصل ہوتا ہے اور اسی میں سعادت ہے، اور جو کام اللہ کی اطاعت اور اس کی عبادت سے دور کرتے ہوں اور دنیا کی زینت اور اس کی لذتوں میں مشغول رکھتے ہوں اور ان ہی میں معصیت اور شقاوت ہے، خواہ وہ اپنی چرب زبانی سے ملمع کاری کرتا رہے اور حق کو باطل اور باطل کو حق بیان کرتا رہے لیکن وہ اپنی عقل سلیم سے جانتا ہے کہ دراصل حق کیا ہے اور باطل کیا ہے ؟ اسی لیے فرمایا ہے کہ انسان کو خود اپنے اوپربصیرت ہوگی۔
(٢) حضرت ابن عباس (رض) ، سعید بن جبیر اور مقاتل نے کہا کہ انسان کے اعضاء خود اس کے کاموں پر گواہی دیں گے، قرآن مجید میں ہے :
یَّوْمَ تَشْہَدُ عَلَیْہِمْ اَلْسِنَتُہُمْ وَاَیْدِیْہِمْ وَاَرْجُلُہُمْ بِمَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ ۔ (النور : ٢٤ )
جس دن ان کی زبانیں اور ان کے ہاتھ پائوں ان کے اعمال کی گواہی دیں گے۔
اَلْیَوْمَ نَخْتِمُ عَلٰٓی اَفْوَاھِھِمْ وَتُکَلِّمَُنَـآ اَیْدِیْھِمْ وَتَشْھَدُ اَرْجُلُھُمْ بِمَا کَانُوْا یَکْسِبُوْنَ ۔ (یٰسین : ٦٥ )
آج ہم ان کے مونہوں پر مہر لگا دیں گے اور ان کے ہاتھ ہم سے باتیں کریں گے اور ان کے پیر ان کاموں کو گواہی دیں گے جو وہ کرتے تھے۔
حَتّٰی اِذَا مَا جَآئُ وْھَا شَھِدَ عَلَیْھِمْ سَمْعُھُمْ وَاَبْصَارُھُمْ وَجُلُوْدُھُمْ بِمَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ ۔ (حم السجدہ : ٢٠ )
حتیٰ کہ جب وہ دوزخ کے پاس آجائیں گے تو ان کے کان اور ان کی آنکھیں اور ان کی کھالیں ان کے کاموں کی گواہی دیں گے۔
امام واحدی نے کہا ہے کہ یہ آیات کفار پر محمول ہیں کیونکہ وہ اپنے اعمال کا انکار کریں گے تو اللہ تعالیٰ ان کے منہ پر مہر لگا دے گا پھر ان کے اعضاء ان کے کاموں کی گواہی دیں گے۔
القرآن – سورۃ نمبر 75 القيامة آیت نمبر 14