خلیج میں خطرے کی گھنٹی: امریکی اڈے ہدف پر
“خلیج میں خطرے کی گھنٹی: امریکی اڈے ہدف پر”
خلیج میں طوفان نے انگڑائی لی ہے۔ وہ خطہ جو تیل، تجارت، اور اسٹریٹیجک مفادات کی عالمی گزرگاہ سمجھا جاتا تھا، اب دھویں اور شعلوں کا نیا میدان بنتا جا رہا ہے۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق قطر، عراق، اور سعودی عرب میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر سلسلہ وار حملے شروع ہو چکے ہیں۔ بعض ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئربیس پر صفاراتِ انذار بجائے جا چکے ہیں اور صورتحال نہایت کشیدہ ہو چکی ہے۔
مواصلاتی ذرائع اور علاقائی میڈیا کے مطابق، عراق میں امریکی قواّت کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے، جب کہ قطر کے فوجی اڈے، جہاں امریکی فضائیہ کا اہم ترین کمانڈ سنٹر موجود ہے، بھی حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ فضا میں پروازیں معطل ہو چکی ہیں، بحری راستے سست پڑ چکے ہیں، اور ہر سمت ایک انجانی گھبراہٹ محسوس کی جا رہی ہے۔
یہ حملے محض عسکری کارروائیاں نہیں، بلکہ ایک اعلان ہیں—ایک پیغام کہ خلیج کا سکوت اب ٹوٹ چکا ہے، اور عالمی طاقتیں جس توازن کو اپنی مٹھی میں محفوظ سمجھتی تھیں، وہ اب ریت کی مانند بکھرنے لگا ہے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ حملے ممکنہ طور پر ایران یا اس کے علاقائی اتحادی گروہوں کا ردعمل ہو سکتے ہیں، جنہوں نے حالیہ ہفتوں میں اسرائیل و امریکہ کے اقدامات پر بارہا خبردار کیا تھا۔ مگر جو بات قابلِ غور ہے، وہ یہ کہ ان حملوں نے براہِ راست ان مراکز کو نشانہ بنایا ہے جو امریکی وجود کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ گویا یہ صرف میزائل نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے — ہم موجود ہیں، ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
عالمی منڈیوں میں بھی فوری اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔ خام تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے، جبکہ بین الاقوامی پروازوں کے روٹس از سر نو ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی سطح پر مذمتی بیانات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ خلیج کی سرزمین پر کوئی بھی طاقت اب خود کو محفوظ نہیں سمجھتی۔
یہ لمحہ ایک نیا موڑ لایا ہے۔ دنیا نے سامراجی طاقت کو پہلی بار ایسے غیر متوقع ردعمل کا سامنا کرتے دیکھا ہے جو خالصتاً علاقائی نہیں بلکہ نظریاتی بھی ہے۔ طاقت کے توازن کی زبان بدل رہی ہے، اور بارود کی بو سے بھری فضا میں اب سوال یہ ہے: کیا یہ صرف وقتی اشتعال ہے؟ یا ایک نیا محاذ کھل چکا ہے جس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس ہوں گے؟
خلیج کا پرسکون پانی اب متلاطم ہو چکا ہے۔ اس کی نیلی سطح پر لہریں کچھ اور کہہ رہی ہیں — وہ کہہ رہی ہیں کہ تاریخ اپنا چہرہ بدل رہی ہے، اور جو سمجھا جاتا تھا کہ ناقابلِ تصور ہے، وہ اب روزِ روشن کی طرح واضح ہو چکا ہے۔
,✍محمد عباس الازہری