وَاَمَّا مَنۡ اُوۡتِىَ كِتٰبَهٗ وَرَآءَ ظَهۡرِهٖۙ – سورۃ نمبر 84 الإنشقاق آیت نمبر 10
sulemansubhani نے Sunday، 13 July 2025 کو شائع کیا.
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَاَمَّا مَنۡ اُوۡتِىَ كِتٰبَهٗ وَرَآءَ ظَهۡرِهٖۙ ۞
ترجمہ:
اور جس شخص کا صحیفہ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گا
الانشقاق : ١٢۔ ١٠ میں فرمایا : اور جس شخص کا صحیفہ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گا۔ تو وہ عنقریب اپنی موت کو طلب کرے گا۔ اور بھڑکتی ہوئی آگ میں پہنچے گا۔
حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا : یہ آیت اسود بن عبد الاسد کے متعلق نازل ہوئی ہے، اور اس کا حکم ہر مومن اور کافر کے متعلق عام ہے، وہ اپنا دایاں ہاتھ کتاب کو لینے کے لیے بڑھائے گا تو فرشتہ اس کے بائیں ہاتھ میں کتاب پکڑا کر اس ہاتھ کو موڑ کر اس کی پیٹھ کے پیچھے کر دے گا، مقاتل نے کہا : اس کے سینہ کی ہڈیوں کو توڑکر اس کے بائیں ہاتھ کو اس میں باندھا جائے گا، پھر اس کا ہاتھ اس کے پیچھے سے نکال کر اس میں اس کا صحیفہ اعمال پکڑا دیا جائے گا۔
وہ اپنی موت کو طلب کرے گا اور کہے گا : ہائے میرا عذاب ! اور ہائے میری موت !
پھر اس کو بھڑکتی ہوئی آگ میں جھونک دیا جائے گا۔
القرآن – سورۃ نمبر 84 الإنشقاق آیت نمبر 10