زمین کا سکون عظمیٰ رومی،اور علماء دیوبند

سب سے پہلی بات یہ ہے کہ زمین کے ساکن یا متحرک ہونے کا مسئلہ علماء امت کے درمیان اختلافی رہا ہے۔ کچھ علماء قرآن کی بعض آیات سے زمین کا ساکن ہونا اخذ کرتے ہیں، کچھ حرکت پذیر ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہیں، اور کچھ  قرآن کو اس سلسلے میں خاموش مانتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ سائنسی مسئلہ ہے، دین و ایمان سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ حضور غزالی زماں علامہ احمد سعید کاظمی رحمۃ اللہ علیہ حرکتِ زمین کے قائل تھے، اس لیے یہ کوئی قطعی اور متفق علیہ نظریہ نہیں۔

ثانیاً، عظمیٰ رومی صاحبہ کا مسئلہ یہ ہے کہ ان میں  جدید سائنسی نظریات پر گہری گرفت مفقود ہے۔ سطحی گفتگو سے انہوں نے بعض حلقوں میں اثر قائم کر لیا ہے۔ حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان کے نظریہِ سکونِ زمین کے حوالے سے گردش کر رہی ہے۔ اس ویڈیو کے جواب میں ویڈیو دینا بہتر ہوتا، مگر سرِ دست عرض یہ ہے کہ آئن سٹائن کے عمومی نظریہ اضافیت (General Relativity) کے مطابق حرکت نسبتی (relative) ہے اور کوئی مطلق “ساکن” فریم آف ریفرنس نہیں۔ آپ کوئی بھی کوآرڈینیٹ سسٹم اختیار کر سکتے ہیں۔ اس بنیاد پر نظری طور پر نظام شمسی کی دو طرح سے تشریح ممکن ہے:

ہیلیو سینٹرک: سورج تقریباً مرکز میں، زمین اور سیارے اس کے گرد گھومتے ہیں۔ 

جیو سینٹرک: زمین کو ساکن مان کر، سورج اور باقی اجرام کو اس کے گرد حرکت دیتے ہوئے۔

آئن سٹائن اور لیوپولڈ انفیلڈ نے اپنی کتاب The Evolution of Physics میں لکھا ہے کہ بطلیموس اور کوپرنیکس کے درمیان تنازعہ اس معنی میں بے معنی ہو جاتا ہے کہ دونوں کوآرڈینیٹ سسٹم استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اسٹیفن ہاکنگ نے بھی The Grand Design میں ماڈل ڈپینڈنٹ ریئلزم کے تحت کہا ہے کہ دونوں تصویری ماڈلز استعمال کیے جا سکتے ہیں، البتہ ہیلیو سینٹرک سادگی کی وجہ سے ترجیح دیا جاتا ہے۔اس لیے اس نظریہ سے علمی اختلاف ممکن ہے، مگر اس کا باقاعدہ مذاق اڑانا اور طنز کرنا تعجب خیز ہے۔پھر عظمیٰ رومی صاحبہ کا اعلیٰ حضرت کو کسی “فرقہ” کا بانی کہنا بھی درست نہیں۔ یہ ان کے علم کی سطحیت پر دلالت کرتا ہے۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان ایک مجتہد اور مجدد کی حیثیت رکھتے ہیں، نہ کہ نئے فرقے کے بانی۔

جہاں تک علماء دیوبند ہیں تو ان لوگوں نے جدید علوم فلسفہ و منطق کی مخالفت کر کے جو امت کے ساتھ زیادتی کی ہے وہ تاریخ کا حصہ ہے ۔نصاب سے طب کو بھی مکمل طور پر خارج کرنے کا سہرا انہی حضرات کے سر ہے۔لیکن طرہ یہ ہے کہ آج کل یہ خالق کائنات پر ایمان لانے کے لئے سائنسی اور عقلی دلائل کے محتاج ہوگئے ہیں،اور ان دلائل سے خدا کو ثابت کرتے ہیں،شاید وحی پر انہیں کامل ایمان نہیں رہا۔ظاہری بات ہے جو نبی کو محض ڈاکیہ کہیں جیسا کہ تقویۃ الایمان کی عبارات سے واضح ہوتا ہے تو اس قسم کے نظریات کا شکار ہونا کچھ مستعبد نہیں۔لیکن اس کا نتیجہ مذہب سے محرومی ہے۔تھامس ایکوانس کے عمل نے کس طرح عیسائیت کا بیڑہ غرق کیا اس پر تاریخ گواہ ہے

بہرحال مختصر عرض ہیکہ نانوتوی صاحب نے بھی زمین کے ساکن ہونے کے نظریہ کو تسلیم کیا ہے اور یہ لکھا ہے کہ کائنات کی وضاحت اس نظریہ  سے بھی ہوسکتی ہے ۔اس لئے اگر دھوتی کھولنی ہے تو اپنے قاسم العلوم کی بھی کھولی جاسکتی ہے ۔۔۔۔۔مگر ہمارا واسطہ ایسے جہلاء سے ہے جنہیں اپنے اکابر کی کتب کا مطالعہ بھی نصیب نہیں۔