کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اہل سنت کراچی کے امیر شاہ تراب الحق قادری نے کہا ہے کہ امریکی حملوں کا منطقی انجام سانحہ مشرقی پاکستان سے مختلف نہیں۔ موجودہ ملکی بحران سے نجات کا واحد راستہ اللہ اور رسول ﷺ کی اطاعت ہے۔ موجودہ ملکی حالات اس حد تک خراب ہیں کہ عوام پاکستان کے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہورہے ہیں اور غیر یقینی صورتحال نے پوری قوم کو متاثر کر رکھا ہے۔ ایسے میں ماضی کی ناقص پالیسیوں کو ترک کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی النساء کلب گلشن اقبال میں جماعت اہلسنت کراچی کے زیراہتمام ”استحکام پاکستان کانفرنس“ سے صدارتی خطاب میں کیا۔ کانفرنس سے تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے صدر مفتی منیب الرحمن، نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی محمد حنیف طیب، جماعت اہلسنت کے مرکزی نائب امیر علامہ غلام صدیق نقشبندی، علامہ ابرار احمد رحمانی ، علامہ خلیل الرحمن چشتی، علامہ سید احمد علی شاہ سیفی، علامہ محمد اکرم سعیدی ، علامہ حمزہ علی قادری، شاہ سراج الحق قادری، طارق محبوب صدیقی ، پروفیسر غلام عباس قادری ، ڈاکٹر عبدالرحیم، مولانا غلام مرتضیٰ مہروی ، مولانا الطاف قادری نے بھی خطاب کیا۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، ہماری نسلوں کو اس سرزمین پر رہنا ہے، ہمیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے لیکن اس کو دانا دشمن اور نادان دوست پارہ پارہ کر رہے ہیں ۔ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ معاشی بحران میں گھرے ملک کی بھاری بھرکم وفاقی کابینہ دنیا کے لئے حیرت اور تعجب کا باعث ہے۔ صاحبزادہ غلام صدیق احمد نقشبندی نے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والے مٹھی بھر لوگوں کو دنیا نے پہچان لیا ہے جبکہ ہم اہلسنت و جماعت صوفیاء کرام کے پیروکار ہیں۔ امن و سلامتی ہمارا شعار ہے۔ آج دنیا صوفیائے کرام حضرت داتا گنج بخش، خواجہ غریب نواز، بابا شکر گنج جیسے اولیاء اللہ کی تعلیمات ہی کے ذریعہ امن وسکون کا گہوارہ بن سکتی ہے