حدیث نمبر :18

روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ رب فرماتا ہے ۱؎ انسان مجھے جھٹلاتا ہے یہ اُسے مناسب نہ تھااور مجھے گالی دیتا ہے یہ اسے درست نہ تھا ۲؎ اس کا مجھے جھٹلانا تویہ ہے کہ کہتا ہے رب مجھے پہلے کی طرح دوبارہ نہ بناسکے گا۳؎ حالانکہ پہلی بار پیدا فرمانا دوبارہ بنانے سے آسان تر تو نہیں۴؎ اس کی گالی اس کی یہ بکواس ہے کہ اﷲ تعالٰی نے اولاد اختیار کی۵؎ میں تو اکیلا بے نیاز ہوں۶؎ نہ جنا نہ جنا گیا میرا کوئی ہمسرنہیں ۷؎

شرح

۱؎ یہ حدیث قدسی ہے جس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا”قَالَ اﷲ”۔حدیث قدسی اور قرآن میں فرق یہ ہے کہ حدیث قدسی خواب،الہام سے بھی حاصل ہوسکتی ہے۔قرآن بیداری ہی میں آئے گا۔نیز قرآن کے لفظ بھی رب کے ہیں،حدیث کا مضمون رب کا،الفاظ حضورصلی اللہ علیہ وسلم کے۔خیال رہے کہ ساری حدیثیں برحق ہیں اور قرآن کی طرح لائق عمل،صدیق اکبر نے حدیث کی بنا پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے مال میں تقسیم میراث نہ فرمائی حالانکہ یہ حکم قرآنی تھا،مگر حدیث قدسی میں قال اﷲ کی تصریح ہوتی ہے۔اس کی مفصَّل بحث ہمارے رسالہ “ایک اسلام” میں دیکھو۔

۲؎ خیال رہے کہ جن و انس کے سوا کسی مخلوق میں کافر نہیں مگر انسان پر اﷲ کے احسانات زیادہ ہیں کہ ان ہی میں انبیاء اور اولیاء بھیجے۔اس لیے کہ خصوصیت سے اس کی شکایت فرمائی گئی۔

۳؎ یعنی قیامت کا منکر ہے اور تمام ان آیتوں کو جھٹلاتا ہے جن میں قیامت کا ذکر ہے۔

۴؎ یعنی رب کے لیے ایجاد اور دوبارہ بنانا یکساں آسان ہے۔لوگوں پر ایجادمشکل ہوتی ہے۔دوبارہ بنانا آسان،جب کفار رب تعالٰی کو عالم کا موجد جانتے ہیں تو قیامت مانتے ہیں انہیں کیوں موت آتی ہے۔حالانکہ قیامت میں اٹھانا اعادۂ خلق ہوگا۔نہ کہ ایجاد اس میں روئے سخن ان کافروں کی طرف ہے جو اﷲ کی ذات و صفات کے اقراری تھے اور قیامت کے انکاری۔

۵؎ مشرکین عرب کا عقیدہ تھا کہ فرشتے اﷲ کی بیٹیاں ہیں۔عیسائی عیسیٰ علیہ السلام کو،یہودی عزیر علیہ السلام کو اﷲ کا بیٹا مانتے ہیں اس میں ان تینوں قوموں کی طرف اشارہ ہے۔بیوی بچے اختیارکرنا ہمارے لیے کمال ہے رب کے حق میں گالی۔ایک ہی چیز ایک کے لیے کمال ہے۔دوسرے کے لیے نقصان بلاتشبیہ کنواری لڑکی کو صاحب اولادکہنا گالی ہے،بیاہی کے لیے کمال،رب کی شان تو بہت اعلٰی ہے۔

۶؎ اولاد والا اکیلا بھی نہیں ہوتا،اولاد اس کی قومیت،نوعیت،جنسیت میں شریک ہوتی ہے اور بے نیازبھی نہیں کیونکہ انسان شہو ت کے غلبہ یا دشمنوں کے خوف کی وجہ سے یا اپنے مرے بعد وراثت کے لیے اولاد اختیار کرتاہے۔رب تعالٰی ان تمام نیازمندیوں سے پاک ہے۔دیکھو چاند،سورج وغیرہ کو قیامت سے پہلے فنا نہیں تو ان کی وراثت کے لیے انکی اولاد بھی نہیں۔

۷؎ حالانکہ اولاد باپ کی ہمسر ہوتی ہے کہ انسان کا بچہ انسان اور شیر کا بچہ شیر ہوتا ہے،تو نعوذ باﷲ!خدا کا بیٹا خدا ہی چاہیئےتھاحالانکہ رب اس کا خالق وہ مخلوق،رب مالک وہ مملوک،پھرہمسرکہاں۔

حدیث نمبر :19

حضرت ابن عباس کی روایت میں یوں ہے کہ انسان کا مجھے گالی دینا اس کی یہ بکواس ہے کہ میں صاحبِ اولادہوں میں اس سے پاک ہوں کہ بیوی بچے اختیارکروں ۱؎ (بخاری)

شرح

۱؎ کیونکہ بیوی خاوند کی ہم جنس ہی ہوسکتی ہے۔انسان کی بیوی جنّاتنی یا گائےبھینس نہیں ہوسکتی،اگر نعوذ باﷲ رب کی بیوی ہوتی تو وہ اس کی ہم جنس بلکہ اس کی ہم قوم بھی ہوتی،رب جنس و قوم سے پاک ہے۔