حدیث نمبر :70

روایت ہے انہیں سے فرماتے ہیں فرمایا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ شیطان اس سے تو مایوس ہوچکا کہ عرب کے نمازی اسے پوجیں ۱؎ لیکن انہیں آپس میں بھڑکانے میں مشغول ہے ۲؎ (مسلم)

شرح

۱؎ یعنی عرب کے عام مسلمان اعمال شرکیہ نہ کریں گے یا علی العموم مرتد نہ ہوں گے،ایک آدھ آدمی کا مرتد ہوجانا اس کے خلاف نہیں۔عرب کو جزیرہ اس لیئے فرمایا کہ اسے بحر فارس و روم اور دجلہ وفرات نے گھیرا ہے،عرب کی لمبائی عدن سے شام تک ہے،چوڑائی جدہ سے ریف عراق تک۔اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پرصلوٰۃ وسلام اورمولودشریف،عرس،فاتحہ،ختم،حضور سے مدد مانگنا وغیرہ شرک نہیں کیونکہ یہ تمام چیزیں عام مسلمانان عرب کا ہمیشہ سے دستور ہیں اگر ان میں سے کوئی چیز شرک ہوتی تو عرب شریف کے مسلمانوں میں کبھی مروج نہ ہوتی۔یہ بھی معلوم ہوا کہ عجم کبھی عرب کی طرح محترم نہیں ہوسکتا۔ہر جگہ مسلمان علی العموم مرتد ہوسکتے ہیں وہاں کے مسلمان نہیں ہوسکتے۔خیال رہے کہ اگرچہ مسلیمہ ذاب نے عرب کے بہت مسلمانوں کو مرتد کرلیا مگر اس ارتداد کا بفضلہٖ تعالٰی بقا نہ رہا ایک وقتی چیز تھی جو ختم ہوگئی جس کا اعتبار نہیں۔

۲؎یعنی عرب کو آپس میں لڑاتا بھڑاتا رہے گا۔چنانچہ آخر زمانۂ عثمانی سے جو اختلاف شروع ہوا وہ آج تک ختم ہونے میں نہیں آتا اگرچہ اتحاد عرب کے نعرے لگائے جارہے ہیں مگر اس کی حقیقت مفقود ہے۔