أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مَنۡ يَّشۡفَعۡ شَفَاعَةً حَسَنَةً يَّكُنۡ لَّهٗ نَصِيۡبٌ مِّنۡهَا‌ ۚ وَمَنۡ يَّشۡفَعۡ شَفَاعَةً سَيِّئَةً يَّكُنۡ لَّهٗ كِفۡلٌ مِّنۡهَا‌ ؕ وَكَانَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَىۡءٍ مُّقِيۡتًا ۞

ترجمہ:

جو اچھی شفاعت کرے گا اس کے لیے (بھی) اس میں سے حصہ ہے ‘ اور جو بری سفارش کرے گا اس کے لئے (بھی) اس میں سے حصہ ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد : جو اچھی شفاعت کرے گا اس کے لیے (بھی) اس میں سے حصہ ہے ‘ اور جو بری سفارش کرے گا اس کے لئے (بھی) اس میں سے حصہ ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔ (النساء : ٨٥) 

شفاعت کا معنی اور اس کی اقسام : 

شفاعت لفظ شفع سے ماخوذ ہے اس کا معنی ہے ایک انسان دوسرے ضرورت مند انسان کے ساتھ مل جائے اور دونوں مل کر اس ضرورت کے متعلق سوال کریں ‘ اور یہاں پر مراد ہے کہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) مسلمانوں کو جہاد کی ترغیب دیں اور جو مسلمان آپ کی ترغیب سے جہاد کریں گے تو ان کی اس نیکی میں آپ کا بھی حصہ ہوگا ‘ یہ شفاعت حسنہ ہے ‘ اور شفاعت سیئہ یہ ہے کہ منافق اپنے بعض منافقوں کو جہاد میں شریک نہ کرنے کے لیے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے شفاعت کرتے تھے کہ ان کو فلاں فلاں عذر ہے اور اس شفاعت سے جہاد میں شریک نہ ہونے کا گناہ دونوں کو ہوگا ان کو بھی جو شریک نہیں ہوئے اور ان کو بھی جنہوں نے ان کے لیے اس کی سفارش کی۔ 

اسی طرح کسی بھی نیک کام میں سفارش کرنا اچھی شفاعت ہے مثلا کسی طالب علم کو دینی مدرسہ میں داخل کرنے کے لیے سفارش کرنا ‘ کسی ضرورت مند عالم دین کے لیے کسی تونگر سے سفارش کرنا کہ ان کی ضرورت کی کتابیں ان کو خرید کردیں ‘ مسجد اور دینی مدرسہ بنوانے کے لیے سفارش کرنا ‘ کسی مجاہد کے لیے اسلحہ کے حصول میں سفارش کرنا ‘ کسی غریب لڑکی کی شادی کے لیے رشتہ یا جہیز کی سفارش کرنا ‘ کسی بےروزگار کے لیے ملازمت کی سفارش کرنا بہ شرطی کہ وہ وہ اس ملازمت کا اہل ہو ‘ اللہ کے حضور کسی مسلمان کے لیے دعا کرنا اس کی مغفرت چاہنا ‘ یہ سب اچھی سفارشیں ہیں ‘ اور بری سفارش یہ ہے کہ شراب خانہ کے پر مٹ کے لیے سفارش کی جائے ‘ سینما بنانے کے لیے کسی سے سفارش کی جائے ‘ آلات موسیقی کی دکان کے لیے کسی سے سفارش کی جائے ‘ بینک اور انشورنس کمپنی میں ملازمت کے لیے سفارش کی جائے یا کسی نااہل اور غیر مستحق کے لیے سفارش کی جائے۔ 

نیکی کے کاموں میں شفاعت کے متعلق احادیث : 

امام محمد بن اسماعیل بخاری متوفی ٢٥٦ ھ روایت کرتے ہیں : 

حضرت ابو موسیٰ (رض) بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس جب کوئی سائل آتا یا آپ سے کوئی شخص حاجت طلب کرتا تو آپ فرماتے تم شفاعت کرو تمہیں اجر دیا جائے گا ‘ اور اللہ تعالیٰ اپنے نبی کی زبان پر جو چاہے گا فیصلہ فرمائے گا۔ (صحیح البخاری ‘ رقم الحدیث : ١٤٣٢‘ صحیح مسلم ‘ رقم الحدیث : ٢٦٢٧‘ سنن ابوداؤد ‘ رقم الحدیث : ٥١٣٢‘ سنن نسائی ‘ رقم الحدیث : ٢٥٥٦‘ سنن ترمذی ‘ رقم الحدیث : ٢٦٨١‘ مسند احمد ج ٤ ص ٤٠٠‘ ٤٠٣‘ ٤٠٩‘ سنن کبری للبیہقی ج ٨ ص ١٦٧‘ صحیح ابن حبان ج ٢ ص ٥٣١) 

امام ابوعیسی محمد بن عیسیٰ ترمذی متوفی ٢٧٩ ھ روایت کرتے ہیں : 

حضرت انس بن مالک (رض) بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں ایک شخص لایا گیا جو آپ سے سواری طلب کرتا تھا ‘ آپ کے پاس اس وقت کوئی سواری نہیں تھی۔ آپ نے اس کی کسی اور شخص کی طرف رہنمائی کی اس شخص نے اس کو سواری دے دی ‘ اس سائل نے نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس آکر اس کی خبر دی ‘ آپ نے فرمایا نیکی کی رہنمائی کرنے والا بھی نیکی کرنے والے کی مثل ہے۔ (سنن ترمذی ‘ رقم الحدیث : ٢٦٦٩‘ صحیح مسلم ‘ رقم الحدیث : ١٨٩٣‘ سنن ابو داؤد ‘ رقم الحدیث : ٥١٢٩‘ مسند احمد ‘ رقم الحدیث : ١٧٠٨٣‘ الادب المفرد ‘ رقم الحدیث : ١٤٢) 

کسی برے کام کے حصول کے لیے شفاعت کی ممانعت پر اس آیت میں دلیل ہے : 

(آیت) ” ولا تعاونوا علی الاثم والعدوان “۔ (المائدہ : ٢) 

ترجمہ : اور گناہ اور سرکشی میں ایک دوسرے کی مدد نہ کرو ‘۔

تبیان القرآن – سورۃ نمبر 4 النساء آیت نمبر 85