حدیث نمبر :693

روایت ہے حضرت معاویہ ابن قرہ سے ۱؎ وہ اپنے والد سے راوی کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دو درختوں یعنی پیازولہسن سے منع فرمایا اور فرمایا کہ جو یہ کھائے ہماری مسجد کے قریب نہ آئے ۲؎ اورفرمایا اگرتمہیں ضروری کھانا ہو تو انہیں پکا کر مار دیاکرو۳؎(ابوداؤد)

شرح

۱؎ آپ کا نام معاویہ ابن قرہ ابن ایاس ابن بلال ہے،قبیلہ مزینہ سے ہیں،بصرے کے رہنے والے مشہور تابعی ہیں،جنگ جمل کے دن پیدا ہوئے،ستر صحابہ سے ملاقات ہے، ۱۱۳ ھ؁ میں وفات پائی۔(لمعات)

۲؎ یہ جملہ پہلے جملے کی تفسیر ہے،یعنی پیازولہسن کھانا حرام نہیں بلکہ کھاکر بدبودارمنہ لئے مسجد میں آنا حرام ہے۔خواہ وہاں نمازی ہوں یا نہ ہوں کیونکہ فرشتے ہروقت رہتے ہیں۔

۳؎ تا کہ ان کی بوجاتی رہے کیونکہ بدبو ہی ممانعت کی وجہ ہے۔پہلے عرض کیا جاچکا ہے کہ یہ حکم ہر مسجد کا ہے،بلکہ ہر دینی مجلس میں اس کا خیال رکھا جائے۔