جو کہے سن کے مدعا مطلب
sulemansubhani نے Monday، 16 March 2020 کو شائع کیا.
جو کہے سن کے مدعا مطلب
شہنشاہ سخن ستاذ زمن علامہ حسن رضا بریلوی
❤️
جو کہے سن کے مدعا مطلب
میرے مطلب سے اُس کو کیا مطلب
❤️
مل گیا دل نکل گیا مطلب
آپ کو اب کسی سے کیا مطلب
❤️
جو نہ نکلے کبھی نہ پورا ہو
وہ مرا مدعا مرا مطلب
❤️
حُسن کا رُعب ضبط کی گرمی
دل میں گُھٹ گُھٹ کے رہ گیا مطلب
❤️
نہ سہی عشق دُکھ سہی ناصح
تجھ کو کیا کام تجھ کو کیا مطلب
❤️
مژدہ اے دل کہ نیم جاں ہوں میں
اب تو پورا ہوا ترا مطلب
❤️
اپنے مطلب کے آشنا ہو تم
سچ ہے تم کو کسی سے کیا مطلب
❤️
آتشِ شوق اور بھڑکا دی
منہ چھپانے کا کھل گیا مطلب
❤️
کچھ ہے مطلب تو دل سے مطلب ہے
مطلب دل سے ان کو کیا مطلب
❤️
اُن کی باتیں ہیں کتنی پہلو دار
سب سمجھ لیں جدا جدا مطلب
❤️
جب مری آرزو سے کام نہیں
پھر مرے دل سے تم کو کیا مطلب
❤️
حال کہنے سے مجھ کو یوں روکا
میں تمہارا سمجھ لیا مطلب
❤️
خط میں لکھوں جو حال فرقت کا
تو عبارت سے ہو جدا مطلب
❤️
نیل ہو گا عدو کے بوسوں کا
منہ چھپانے سے اور کیا مطلب
❤️
اُس کو گھر سے نکال کر خوش ہو
کیا حسنؔ تھا رقیب کا مطلب
❤️