الفصل الثالث

تیسری فصل

حدیث نمبر 88

روایت ہے حضرت معاذ بن عبداﷲ جہنی سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ جہنیہ کے ایک آدمی نے انہیں خبر دی ۲؎ کہ انہوں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا کہ آپ نے فجر کی دونوں رکعتوں میں”اِذَا زُلْزِلَتِ”پڑھی ۳؎ یہ مجھے خبرنہیں آیا بھول گئے یا عمدًا پڑھی۔(ابوداؤد)

شرح

۱؎ آپ تابعی ہیں،مدنی ہیں، ۱۱۸ھ ؁ میں وفات پائی، بہت ثقہ اور عالم تھے۔

۲؎ ان کا نام معلوم نہ ہوسکا مگر چونکہ تمام صحابہ عادل ہیں اس لیے صحابی کا نام معلوم نہ ہونا حدیث کو ضعیف یا مجہول نہیں کرتا۔

۳؎ ظاہر یہ ہے کہ اس سے فجر کے فرض مراد ہیں اور حضورصلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فعل شریف بیان جواز کے لیے ہے،اگرچہ افضل یہ ہے کہ فجر میں طوال مفصل میں سے کوئی سورت پڑھی جائے،نیز فرائض میں کوئی سورت مکرّر نہ ہو مگر چونکہ اس کے خلاف بھی جائز ہے اس لیے حضور نے یہ عمل کیا،غالب یہ ہے کہ آپ کا یہ عمل شریف عمدًا تھا۔