أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

يَحۡلِفُوۡنَ لَـكُمۡ لِتَرۡضَوۡا عَنۡهُمۡ‌ۚ فَاِنۡ تَرۡضَوۡا عَنۡهُمۡ فَاِنَّ اللّٰهَ لَا يَرۡضٰى عَنِ الۡقَوۡمِ الۡفٰسِقِيۡنَ ۞

ترجمہ:

وہ تم کو راضی کرنے کے لیے تمہارے سامنے قسمیں کھائیں گے، پس اگر تم ان سے راضی ہو (بھی) گئے تو اللہ فاسق لوگوں سے راضی نہیں ہوتا

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : وہ تم کو راضی کرنے کے لیے تمہارے سامنے قسمیں کھائیں گے، پس اگر تم ان سے راضی ہو (بھی) گئے تو اللہ فاسق لوگوں سے راضی نہیں ہوتا (التوبہ : ٩٦)

اس آیت کا معنی یہ ہے کہ اے مسلمانو ! یہ منافقین جھوٹے عذر پیش کرکے تمہارے سامنے قسمیں کھائیں گے تاکہ تم ان سے راضی ہو جائو اور اگر تم ان سے راضی ہوگئے اور تم نے ان کی معذرت کو قبول کرلیا، کیونکہ تم کو ان کے سچ اور جھوٹ کے درمیان امتیاز نہیں ہے۔ سو تمہارا راضی ہونا اللہ تعالیٰ کے نزدیک معتبر نہیں ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ ان کے باطنوں کو اور ان کے خفیہ امور کو جانتا ہے۔ جن کو تم نہیں جانتے۔ یہ اللہ کے ساتھ کفر پر قائم ہیں اور ایمان سے کفر کی طرف اور اطاعت سے معصیت کی طرف جانے والے ہیں۔ پس اگر تم ان سے راضی ہو بھی گئے تو اللہ ان سے راضی ہونے والا نہیں ہے۔

تبیان القرآن – سورۃ نمبر 9 التوبة آیت نمبر 96