أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

فَاِلَّمۡ يَسۡتَجِيۡبُوۡا لَـكُمۡ فَاعۡلَمُوۡۤا اَنَّمَاۤ اُنۡزِلَ بِعِلۡمِ اللّٰهِ وَاَنۡ لَّاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ‌ۚ فَهَلۡ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ ۞

ترجمہ:

پھر اگر وہ (تمہارے چیلنج کو) قبول نہ کریں تو یقین رکھو کہ قرآن اللہ ہی کے علم کے ساتھ نازل کیا گیا ہے اور اس کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں ہے، تو (اے کافرو ! ) کیا تم اسلام لانے والے ہو ؟

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : پھر اگر وہ (تمہارے چیلنج کو) قبول نہ کریں تو یقین رکھو کہ قرآن اللہ ہی کے علم کے ساتھ نازل کیا گیا ہے اور اس کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں ہے، تو (اے کافرو ! ) کیا تم اسلام لانے والے ہو ؟ (ھود : ١٤) 

اس آیت کا معنی یہ ہے کہ اے محمد ! ( (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ) ان مشرکین سے کہہ دیجیے اگر قرآن مجید کی دس سورتوں کی مثل لانے میں تمہارے خودساختہ معبود تمہاری مدد نہ کرسکیں اور تم خود بھی اس کی مثل دس سورتیں نہ لاسکو تو یہ جان لو اور یقین رکھو کہ یہ قرآن آسمان سے (سیدنا) محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر اللہ تعالیٰ کے علم اور اس کے اذن کے ساتھ نازل ہوا ہے اور (سیدنا) محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس کو اپنی طرف سے بنا کر ہم پر افتراء نہیں کیا اور یہ بھی یقین رکھو کہ مخلوق کی عبادت کا مستحق صرف اللہ تعالیٰ ہے اور وہی ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے سو اے مشرکو ! تم بت پرستی کو ترک کردو اور خدائے واحد کی عبادت کرو۔

تبیان القرآن – سورۃ نمبر 11 هود آیت نمبر 14