تِلْکَ اٰیٰتُ اللہِ نَتْلُوۡہَا عَلَیۡکَ بِالْحَقِّؕ وَمَا اللہُ یُرِیۡدُ ظُلْمًا لِّلْعٰلَمِیۡنَ﴿۱۰۸﴾ وَلِلہِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الۡاَرْضِؕ وَ اِلَی اللہِ تُرْجَعُ الۡاُمُوۡرُ﴿۱۰۹﴾٪ 

ترجمۂ کنزالایمان: یہ اللہ کی آیتیں ہیں کہ ہم ٹھیک ٹھیک تم پر پڑھتے ہیں ، اور اللہ جہان والوں پر ظلم نہیں چاہتا۔ اور اللہ ہی کا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں اور اللہ ہی کی طرف سب کاموں کی رجوع ہے۔

ترجمۂ کنزُالعِرفان: یہ اللہ کی آیتیں ہیں جو ہم حق کے ساتھ تمہارے سامنے پڑھتے ہیں اور اللہ جہان والوں پر ظلم نہیں چاہتا۔ اور اللہ ہی کا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے، اور سب کام اللہ ہی کی طرف لوٹائے جاتے ہیں۔ 

{ وَمَا اللہُ یُرِیۡدُ ظُلْمًا لِّلْعٰلَمِیۡنَ: اور اللہ جہان والوں پر ظلم نہیں چاہتا۔} یعنی لوگ جہنم میں لے جانے والے اپنے اعمال کی وجہ سے جہنم میں جائیں گے کیونکہ اللہ تعالیٰ کسی پر ظلم نہیں کرتا اور کسی کو بے جرم عذاب نہیں دیتا اور کسی کی نیکی کا ثواب کم نہیں کرتا۔