مولانا محمد سعید احمد اسعد اور دورۀ تفسیر القرآن
مولانا محمد سعید احمد اسعد اور دورۀ تفسیر القرآن
تحریر : اویس ازہر مدنی
فیصل آباد کی مٹی بڑی زرخیز ہے۔ یہاں سے مختلف علوم و فنون سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے پوری دنیا میں مملکت خداداد پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ جہاں اس شہر سے دیگر شعبہ ہائے زندگی میں لوگوں نے کار ہائے نمایاں سر انجام دیے وہیں اس مٹی نے دینی میدان میں بھی کارہائے نمایاں سرانجام دینے والی شخصیات کی بھی پرورش کی۔
مولانا محمد سعید احمد اسعد جماعت اہلسنت و جماعت کا ایک بڑا معتبر نام ہے جو کہ مذہبی اعتبار سے بڑا قد کاٹھ رکھنے کے ساتھ ساتھ سیاسی لحاظ سے بھی قوت کے حامل ہیں۔ مولانا موصوف فقیہ العصر حضرت مفتی محمد امین رحمہ اللہ کے بڑے بیٹے ہیں جو کہ محدث اعظم پاکستان مولانا سردار احمد قادری رحمہ اللہ علیہ کے شاگرد اول اور خلیفہ تھے یوں آپ مولانا کی شخصیت کا اندازہ کر سکتے ہیں۔ آپ شاہ احمد نورانی صدیقی اور مولانا عبدالستار خان نیازی رحمہما اللہ کے ساتھ سیاست میں بھی سرگرم عمل رہے اور 1974 کی تحریک نظام مصطفی ﷺ میں خوب بڑھ چڑھ کر نہ صرف حصہ لیا بلکہ سنی اتحاد و جمعیت علما پاکستان کے مرکزی عہدوں پر بھی متمکن رہے۔ شاہ احمد نورانی ان پر بڑا اعتماد کرتے اور ان کی کاوشوں کو سراہتے تھے۔ مولانا نے تبلیغ دین کے سلسلہ میں ملک و بیرون ملک کئی تبلیغی دورے بھی کیے۔ مولانا زبردست ادیب و مقرر ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین مناظر بھی ہیں اور اہلسنت کے لیے تقرہباً ہر میدان میں مذہب حق کا جھنڈا بلند کرتے نظر آئے۔
مولانا عرصہ دراز سے فیصل آباد میں جامعہ امینیہ رضویہ کے نام سے ایک مدرسہ چلا رہے ہیں جس سے ہزاروں علمائے دین فیضیاب ہو کر دنیا بھر میں تبلیغی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔ پچھلے برس کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال نے تمام دنیا کو معطل کر دیا جس کا اثر مولانا کے تبلیغی معاملات پر بھی پڑا اور انہوں نے ایک بڑے اور عظیم کام کی ٹھانی۔ مولانا موصوف نے یہ کام بڑی جانفشانی, وقت کی پابندی اور تسلسل کے ساتھ کیا۔ یہ کام قرآن مجید کی تفسیر کا تھا۔ عمومی طور پر تحریری طور پر تفاسیر قرآن ملتی ہیں جن کا پڑھنا موجودہ دور کے انسان کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہے کیونکہ بحیثیت مجموعی ہم کتابوں میں اپنی دلچسپی کھو بیٹھے ہیں۔ چنانچہ مولانا نے وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ایک سال کے مختصر عرصہ میں قرآن مجید کی مکمل تفسیر کو ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کروادیا۔ اگر غور کیا جائے تو یہ ایک بہت بڑا کام ہے جو ہمارے اکابر یا موجودہ دور کے دیگر علما انجام نہ دے سکے یا ان کی اس جانب توجہ نہ ہو سکی۔ لہذا میں سمجھتا ہوں کہ مولانا کے اس کام کی تعریف نہ کرنا سراسر زیادتی ہوگی۔
یہ تفسیر قرآن 171 اسباق پر مشتمل ہے اور ہر سبق کا دورانیہ تقریباً 1 گھنٹہ ہے جسے ان کے فیس بک پیج Jamia Aminia Rizvia جامعہ امینیہ رضویہ اور یوٹیوب چینل jamia amini rizvia faisalabad پر دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ ان اسباق میں قرآن مجید کی نہ صرف مکمل تفسیر بیان کر دی گئی ہے بلکہ عقائد کے حوالے سے آیات کی مفصل وضاحت نیز ممکنہ حد تک ان تمام موضوعات کا احاطہ بھی کردیا گیا جن کو قرآن مجید بیان کرتا ہے۔ مزید یہ کہ اہلسنت کے دیگر مسالک سے اختلافی مسائل پر بھی کھل کر بحث کی گئی ہے۔
تفسیر القرآن کا یہ عظیم الشان کام امسال رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو مکمل ہوا۔ جس پر مولانا موصوف کو نہ صرف مسلک اہلسنت وجماعت بلکہ پوری دنیا سے مبارک باد کے کلمات سے نوازا جارہا ہے۔ اب اسی تفسیر کو تحریری طور پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔ صرف سورة فاتحہ 150 سے زائد صفحات پر مکمل ہوئی جبکہ سورة بقرہ پر کام شروع ہے۔ اللہ کریم اس عظیم علمی کاوش کو قبول فرمائے اور مولانا موصوف کو بصحت و عافیت عمر خضر عطا فرمائے۔
مکمل آڈیو تفسیر سماعت و ڈائونلوڈ کے لیے
24 مئی 2021