کارٹون دیکھنے کے نقصانات
کارٹون دیکھنے کے نقصانات
(ذوالقرنین عطاری مدنی)
جاذب نے اسکول سے آتے ہی بیگ ایک طرف پھینکا ، جوتے اتارے،کمرے میں گیا اور ٹی وی چلا کر کارٹون دیکھنا شروع کر دیئے۔امی جان نے آوازدی:جاذب بیٹا! پہلے یونیفارم اتار کر دوسرے کپڑے پہن لو اور ہاتھ دھو کر کھانا کھاؤ اس کے بعد کارٹون دیکھنا۔جاذب نے کہا:امی!ابھی میری پسند کے کارٹون لگے ہیں ،میں پہلے یہ دیکھ لوں پھر کپڑے بدل لیتا ہوں اور مجھے ابھی کھانا بھی نہیں کھانا ہے۔
جاذب روزانہ ایسے ہی کرتا،امی جان اسے سمجھاتیں تووہ ان کی بات نہ مانتا اور ضد کر کے کارٹون دیکھتا رہتا تھا۔ایک رات جاذب کے ابوجان جب گھر آئے توانہوں نے دیکھا کہ جاذب کے سامنے اسکول کی کتابیں رکھی ہیں لیکن وہ اپنااسکول کاکام(Home work)کرنےکےبجائے کارٹون دیکھ رہا ہے۔ یہ دیکھ کرابوجان نے کہا:بیٹا! ادھرآئیں، مجھے آپ سے کچھ بات کرنی ہے۔
جاذب نے منہ بناتے ہوئے ٹی وی بندکیا اور ابو جان کے پاس چلا گیا۔انہوں نے اسے اپنے پاس بٹھایا اور سمجھاتے ہوئے کہا:جاذب بیٹا! کارٹون دیکھنااچھی بات نہیں ہے۔ جاذب نے کہا:ابو جان!مجھے کارٹون بہت اچھے لگتے ہیں ، ان کے بغیر میرا دل نہیں لگتااورمیں بورہوجاتاہوں۔ابوجان نے کہا: بیٹا! کارٹون دیکھنے سےنقصان ہوتا ہے اور جو چیز دیکھنے سے نقصان ہو اسے نہیں دیکھنا چاہئے۔جاذب نے پوچھا: ابوجان! کارٹون دیکھنے سےکیا نقصان ہوتا ہے ؟ابو جان نے کہا: بیٹا! کارٹونز میں ایک دوسرے سے لڑائی کرنا،مارنا پیٹنا اورنقصان پہنچانا دکھایا جاتاہے۔یہ چیزیں دیکھ کر آپ کا بھی لڑائی کرنے، مارنے پیٹنے اور دوسروں کو نقصان پہنچانے کا دل چاہے گا اور ان چیزوں سے ہمارے پیارےنبیصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے منع فرمایا ہے۔ کارٹونز کے کرداروںکے بولنے کا اندازاورلہجہ اچھا نہیں ہوتا،اس کی وجہ سے آپ کا بات کرنے کا انداز خراب ہو جائے گااور لوگ آپ کو گندہ بچہ کہیں گے۔ کارٹون بے شرمی والے کپڑے پہنتے اور گندی حرکتیں کرتے ہیں،ان کے دیکھا دیکھی آپ بھی گندے کام کرنے لگ جائیں گے۔ کارٹونز میں موسیقی بھی شامل ہوتی ہے جسے سننےسے ہمارا پیارا اللہتعالیٰ ناراض ہوتا ہے۔ کارٹون دیکھنے کی عادت بنائیں گے توآپ کا دل پڑھائی میں نہیں لگے گا،آپ توجہ کے ساتھ اسکول کا کام(Home work) نہیں کریں گےاوراس طرح پڑھائی میں آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔زیادہ دیر تک کارٹون دیکھنے سے آپ کی نظر کمزور اور صحت خراب ہو جائے گی۔ کارٹون دیکھ کر آپ کا دل چاہے گا کہ جو کام اس نے کیا وہ میں بھی کروں اور جب آپ کارٹون والی حرکتیں کریں گے تو آپ کو چوٹ بھی لگ سکتی ہے۔جاذب نے کہا: ٹھیک ہے ابو جان! اب میں کارٹون نہیں دیکھا کروں گا، لیکن میرا دل نہیں لگےگا ،آپ بتائیں میں کیا کروں؟ابو جان نے کہا: بیٹا!آپ مدنی چینل دیکھاکریں،اس میں بہت اچھی اچھی باتیں سیکھنے کو ملتی ہیں ۔ اس میں بچوں کے لئے ایک بہت دلچسپ سلسلہ ’’غلام رسول کے مدنی پھول‘‘بھی آتا ہے،آپ اسے ضرور دیکھیں۔جاذب نے کہا:واہ ،ابو جان!آج کے بعد میں کارٹوندیکھنےکے بجائے صرف مدنی چینل ہی دیکھا کروں گا۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ