بھنڈی کے فوائد

(اعجاز نواز عطاری مدنی)

بھنڈی ایک مشہور سبزی ہے، بے حد لیس دار ہوتی ہے، سبز اور سفید دونوں رنگوں میں کاشت ہوتی ہے۔ لوگ اسے نہایت شوق سے کھاتے ہیں۔ بھنڈی اور اس کے بیج بطورِ دوا استعمال ہوتے ہیں، اس کا ذائقہ پھیکا اور لعاب دار ہوتا ہے۔

(1)بھنڈی کی تاثیر کے باعث اہل بنگال زمانۂ قدیم سے اسے گلے کی خراش کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

(2)نزلہ، زکام اور پیشاب کے امراض مثلاً سوزاک وغیرہ کے لیے بھی اس کا جو شاندہ استعمال کیا جاتا ہے۔

(3) بھنڈی کھانے سے پیشاب کی جلن دور ہوتی ہے۔

(4)بھنڈی کھانے سے پیٹ میں ہوا پیدا ہوتی ہے، بھنڈی قابض بھی ہے اور صحت مند افراد کو بھی دیر سے ہضم ہوتی ہے۔ لہٰذا وہ افراد جن کی قوتِ ہاضمہ دُرُست نہیں انہیں اس سبزی کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔(پھولوں، پھلوں اور سبزیوں سے علاج، ص 292)اس کے علاوہ بھنڈی ہڈیوں کی مضبوطی، جلد کی بہتری، آنتوں کے سرطان (Cancer)سے حفاظت، دل کی بیماریوں سے حفاظت، لُو لگنے سے حفاظت، وزن کم کرنے اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بھی مفید ہے۔

(5)شیخِ طریقت امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے خصوصاً بزرگ افراد کے لیے بھنڈی کا ایک نہایت ہی زبردست نسخہ بیان فرمایا ہے جو جوڑوں کے درد دور کرنے میں بہت مفید ہے: روزانہ ایک بھنڈی سر سمیت لمبائی میں چیرکر پانی کے گلاس یا مٹی کے پیالے میں 10 سے 12 گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر بھنڈی کو پکڑ کر اچھی طرح سے پانی میں نچوڑ لیں اور سارا پانی پی لیں۔( مدنی مذاکرہ، 21 رمضان المبارک 1437ھ)